کشمیرمیں اسرائیل کے خلاف احتجاج،فورسز کی فائرنگ سے نوجوان ہلاک
سری نگر: ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج کے دوران فوج کی فائرنگ سے ایک نو عمر لڑکا ہلاک ہو گیا۔
پولیس کے ایک اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ سری نگر کے جنوب میں واقع گاوں خودوانی میں احتجاجی ریلی کے دوران سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین میں جھڑپ ہوئی تھی اسی دوران فوج نے فائرنگ کر دی جس سے ایک نوجوان ہلاک ہوا۔
ایک اور پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ لڑکے کی عمر 13 سے 14سال تھی جس کو ساحل احمد لون کے نام سے شناخت کیا گیا ہے۔
مقامی افراد کا کہنا تھا کہ ساحل احمد لون کی عمر 15 تھی، وہ نہم جماعت کا طالب علم تھا۔
لڑکے کی ہلاکت کے بعد احتجاج کا دائرہ مزید وسیع ہو گیا اور دیگر قریبی علاقوں میں بھی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا جبکہ پولیس کی جانب سے مظاہرین کو کنٹرول کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا گیا جس سے دیگر کئی مظاہرین بھی زخمی ہوگئے۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ پر حملے کے بعد سے کشمیر میں بڑے پیمانے پر احتجاج کا سلسلہ جاری ہے، مظاہرین کی جانب سے متعدد مقامات پر اسرائیل کے پرچم نذر آتش کیے گئے ہیں دوسری جانب احتجاج کے دوران پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز سے جھڑپوں کے واقعات بھی سامنے آ رہے ہیں۔