دنیا

نریندر مودی کی کشمیر آمد پر مکمل ہڑتال

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر پہنچنے پر خالی سڑکوں اور بند بازاروں نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔

سری نگر : ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے اقتدار سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ کشمیر کا دورہ کیا۔

نریندر مودی جب ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر پہنچے تو خالی سڑکوں اور بند بازاروں نے ان کا استقبال کیا، ان کی آمد پر وادی میں بطور احتجاج مکمل ہڑتال کی گئی۔

ہندوستانی وزیراعظم کی مقبوضہ کشمیر آمد کے موقع پر حریت پسندوں کی کال پر ہڑتال میں دکانیں، کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر تھی۔

اس حوالے سے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں کا کہنا تھا کہ مودی اس ملک کے وزیراعظم کی حیثیت سے وادی میں آ رہے ہیں، جس نے سالوں سے کشمیریوں کی آزادی اور ان کے حقوق سلب کررکھے ہیں۔

حریت رہنماؤں نے مزید کہا کہ نریندر مودی کو خوش آمدید کہنے والے ہندوستان کے ایجنٹس ہیں، جن کا کشمیر سے کوئی تعلق نہیں۔۔

حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کا حتمی حل چاہتے ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم نریندر مودی نے اودم پورسے کترہ تک کی ٹرین سروس کا افتتاح کیا۔۔

وزیراعظم کا سری نگر میں بادامی باغ کنٹونمنٹ میں ہندوستانی افواج سے خطاب اور اڑی سیکٹر میں پاور پروجیکٹ کا افتتاح بھی شیڈول تھا۔