قومی اسمبلی: متحدہ نے پارلیمانی لیڈر پھر تبدیل کر لیا
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے قومی اسمبلی میں رشید گوڈیل کی جگہ ایک بار پھر فاروق ستار کو پارلیمانی لیڈر مقرر کر دیا۔
خیال رہے کہ ایک سال اور تین ماہ قبل ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے فیصلہ کیا تھا کہ فاروق ستار کو اضافی ذمہ داریوں کے سبب فوری طور پارلیمانی لیڈر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔
28 اپریل 2014 کو ایم کیو ایم کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ رشید گوڈیل کو عارضی طور پر پارلیمانی لیڈر بنایا جا رہا ہے البتہ وہ ایک سال سے زائد اس عہدے پر کام کرتے رہے۔
خیال رہے کہ اس سےقبل رشید گوڈیل قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر تھے۔
اب رشید گوڈیل کو ڈپٹی پارلیمانی لیڈر بھی نہیں بنایا گیا جبکہ ان کی جگہ رکن قومی اسمبلی ریحان ہاشمی کو ایوان میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر مقرر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : 'ایم کیو ایم پر کڑا وقت آیا تو رابطہ کمیٹی بیرون ملک فرار'
متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے رشید گوڈیل کو ہٹائے جانے اور فاروق ستار کو دوبارہ پارلیمانی لیڈر بنائے جانے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے فیصلے کی توثیق کر دی ہے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین نے خطاب میں انکشاف کیا تھا کہ پارٹی پر مشلوقت آیا تو رابطہ کمیٹی بیرون ملک فرار ہوگئی ہے۔
الطاف حسین نے خطاب میں اراکین رابطہ کمیٹی کے بیرون ملک جانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مزید بتایا کہ رابطہ کمیٹی ہی نہیں کچھ سابق وزراء بھی ملک چھوڑ گئے ہیں۔