کشمیر: عید کے روز ہندوستان کے خلاف احتجاج
سری نگر: ہندوستان کے زیر اہتمام کشمیر میں عید الفطر کی نماز کے بعد پوری وادی میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے جن میں پاکستان کے پرچم لہرائے گئے اور ہندوستان کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔
خیال رہے کہ کشمیر میں بی جے پی (بھارتیہ جنتا پارٹی) کی حکومت نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سربراہ سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق، یاسین ملک، شبیر احمد شاد سمیت کئی حریت رہنماؤں کو جمعہ کے روز ہی نظر بند کر دیا تھا نظر بندی کے باعث اکثر حریت رہنما نماز عید کی ادائیگی سے محروم رہے۔
آل پارٹیز حریت کانفرنس کے سربراہ سید علی گیلانی کی نظربندی اور ہندوستانی فوج کے خلاف کشمیری نوجوانوں نے سری نگر کے علاقوں اننت ناگ ، کوٹھی باغ، پرانا بازار، نوہٹہ سمیت دیگر علاقوں میں ریلیاں بھی نکالی گئیں۔
ریلی کے شرکا نے ہندوستان کے خلاف نعرے لگائے جبکہ انہوں پاکستان کے پرچم بھی ہاتھوں میں تھام رکھے تھے اور پاکستان کے حق میں زبردست نعرے بازی کر رہے تھے۔
ہندوستانی سیکیورٹی فورسز نے احتجاج ریلی میں شریک مظاہرین پر آنسو گیس کی شدید شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز جمعۃ الوداع کو نماز جمعہ کے بعد بھی ہندوستان کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے تھے۔
ان مظاہروں میں پاکستان کے ساتھ ساتھ بعض کالعدم تنظیموں کے پرچم بھی لہرائے گئے تھے۔
مظاہروں کے دوران سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین میں جھڑپیں ہوئی تھیں، جن سے کئی شہری زخمی ہوئے تھے۔
حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے نماز جمعہ کے بعد ریلی کی قیادت کے دوران کہا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر پاکستان اور ہندوستان کے مذاکرات بے نتیجہ رہیں گے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں کشمیر میں ایک بار پھر احتجاجی تحریک تیز ہو رہی ہے، اور مظاہروں میں پاکستان کے پرچم لہرانا معمول بنتا جا رہا ہے۔
|