دنیا

کابل: غیر ملکی فوجی قافلے پر خودکش حملہ

مقامی پولیس کے مطابق حملہ آور ہلاک ہوگیا، تاہم قافلے میں شامل تمام اہلکار محفوظ رہے ہیں۔

کابل: افغانستان میں حکام کا کہنا ہے کہ دارالحکومت کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب غیر ملکی فورسز کے قافلے پر آج بدھ کے روز ایک خودکش حملہ کیا گیا جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم اس واقعہ میں حملہ آور ہلاک ہوگیا ہے۔

نیٹو کی ایساف فورسزکی جانب سے بھی اس حملے کی تصدیق کردی گئی ہے۔

ایساف کے ترجمان لیفٹننٹ کرنل لاٹوندرا کنلے نے کہا کہ ہم ان رپورٹس کی تصدیق کرتے ہیں کہ ایک خودکش حملہ آور نے ایساف فورسز کے قافلے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

دارالحکومت کابل کے ڈپٹی پولیس چیف سید غفار سید زادہ کے مطابق اس واقعہ میں حملہ آور ہلاک ہوگیا، تاہم قافلے میں شامل تمام اہلکار محفوظ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بظاہر ایسا لگتا ہے کہ یہ حملہ طالبان باغیوں کی جانب سے کیا گیا۔

سخت سیکیورٹی والے اس انٹر نیشنل ہوائی اڈے پر اس قسم کے حملے نسبتاً کم ہوتے ہیں جو نیٹو فورسز کے لیے ایک اہم بیس ہے اور غیر ملکی فوجی افغانستان میں اپنی روزانہ کی کارروائیوں میں اس ہی ہوائی اڈے کو استعمال کرتے ہیں۔

افغانستان کے ڈپٹی وزیر داخلہ جنرل ایوب سالنگی نے ایک ٹیوٹر پیغام میں کہا ہے کہ یہ بم ہوائی اڈے کے قریب ایک گاڑی میں نصب کیا گیا تھا۔