پاکستان

سوشل میڈیا پر دہشتگرد تنظیموں کی سرگرمیاں روکنے کیلئے اقدامات کا فیصلہ

دہشتگرد گروہوں کے اکاؤنٹس کو بلاک کیا جائے گا، صوبے غیر قانونی سمز کی روک تھام کریں گے، نیشنل ایکشن پلان کی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ

حکومت نے سوشل میڈیا پر دہشت گرد تنظیموں کی سرگرمیاں روکنے کے لیے جامع اقدامات کا فیصلہ کرلیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے تعاون سے دہشت گرد گروہوں کے اکاؤنٹس کو بلاک کیا جائے گا۔

اجلاس میں نیکٹا اور صوبوں کے مابین کوآرڈینیشن بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ رواں برس اکتوبر تک 7 ہزار 984 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 206 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ٹی اے کے تعاون سے دہشت گرد گروہوں کے اکاؤنٹس کو بلاک کیا جائے گا اور غیر قانونی سمز کی روک تھام کے لیے صوبے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھائیں گے۔

وزیر داخلہ نے آئندہ اجلاس میں پی ٹی اے سمیت تمام متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام کو موثر میکانزم پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہیں، دونوں صوبوں میں انسداد دہشت گردی فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے بھر پور تعاون کریں گے۔