لاہور: وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت ورانٹ گرفتاری جاری
انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور نے تھانہ مناواں میں درج مقدمے میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت ورانٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
تفتیشی افسر نے علی امین گنڈا پور کی گرفتاری کے لیے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرنے کی درخواست دی۔
تفتیشی کے مطابق علی امین گنڈاپور نے گرفتاری کے خوف سے خود کو روپوش کر رکھا ہے۔
عدالت نے حکم دیا کہ ملزم علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ پولیس نے وزیر اعلی علی امین گنڈاپور کے خلاف کاہنہ جلسے کے خلاف گاڑیوں کے شیشے توڑنے کا مقدمہ درج کر رکھا ہے۔
21 ستمبر 2024 کو لاہور کے جلسے میں قافلے کے ہمراہ شرکت کے لیے آنے والے وزیراعلی خیبر پختونخوا نے راستے میں غصے میں آکر کلاشنکوف سے ٹرک کے شیشے توڑ دیے تھے۔
ڈان نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ ’ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا غصے میں کلاشنکوف کے بٹ مار کر ایک ٹرک کے شیشے توڑ رہے ہیں، بظاہر معلوم ہوتا ہے کہ ٹرک کنٹینر کو لے کر کھڑا ہے۔‘
لاہور کی انتظامیہ کی جانب سے دیا گیا وقت ختم ہونے کے بعد پولیس اہلکاروں نے پی ٹی آئی کا جلسہ ختم کرادیا تھا، جبکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور قافلے سمیت تاخیر سے جلسہ گاہ پہنچے تھے اور کارکنوں سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے یہاں آکر جلسہ گاہ میں حاضری دے دی، میراسلام قبول کریں۔