دنیا

امریکی صدارتی انتخاب: 16 ریاستوں میں پولنگ ختم، ٹرمپ اور کاملا کے درمیان کانٹے کا مقابلہ

جیت کیلئے 270 الیکٹورل ووٹ درکار، ٹرمپ نے 23، کاملا ہیرس نے 3 الیکٹورل ووٹ حاصل کرلیے، 7 پانسہ پلٹ ریاستوں میں سخت مقابلہ جاری، شکست ہوئی تو تسلیم کروں گا، سابق صدر

امریکا میں 47 ویں صدر کے انتخاب دوران 16 ریاستوں میں پولنگ اختتام کو پہنچ گئی، معلق ریاستوں میں ڈونلڈ ٹرمپ اور کاملا ہیرس کے درمیان سخت مقابلہ جاری ہے، ری پبلکن امیدوار نے کنیکٹکی، انڈیانا،مغربی ورجینیا میں میدان مارلیا، ورمونٹ میں ڈیموکریٹ امیدوار فاتح قرار پائیں۔

صدارتی انتخاب میں جیت کے لیے 538 میں سے کم از کم 270 الیکٹورل ووٹ درکار ہیں جبکہ 7 پانسہ پلٹ ریاستیں ایریزونا، جیورجیا، مشی گن، نیواڈا، شمالی کیرولائنا، پینسلوینیا اور اور وسکونس جیت کی راہ میں اہم کردار ادا کریں گی۔

امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے کامیابی کے لیے درکار 270 میں سے 23 الیکٹورل ووٹ حاصل کرلیے جبکہ کمالہ ہیرس3الیکٹورل ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں، ڈونلڈ ٹرمپ نے انڈیانا میں 11، کینٹکی میں 8 اور مغربی ورجینیا میں 4 الیکٹورل ووٹ حاصل کرلیے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق سینیٹ کی 40 نشستوں پر ریپبلکنز اور 29 پر ڈیموکریٹس کو سبقت حاصل ہے جبکہ ایوان نمائندگان میں بھی 26 نشستوں پر ری پبلکنز جبکہ 11 پر ڈیموکریٹس آگے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق امریکی انتخابات میں سب سے پہلے ریاست انڈیانا پاکستانی وقت کےمطابق صبح 4 بجے پولنگ کا وقت مکمل ہوا، جس کے بعد کینٹیکی،الاباما ،ایریزونا ، فلوریڈا، اور جارجیا میں بھی پولنگ مکمل ہوگئی،ان تمام ریاستوں میں پولنگ کا عمل12گھنٹے بلا تعطل جاری رہا، واضح رہے کہ امریکا میں 6 مختلف ٹائم زونزکے باعث پولنگ کا اختتام مختلف اوقات میں ہو گا۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق صدارتی انتخابات میں ساڑھے 16 کروڑ ووٹرز حق رائے دہی کااستعمال کررہے ہیں جبکہ قبل از وقت ووٹنگ میں 8کروڑ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کرچکے تھے۔

ڈان نیوز کے مطابق 7 معلق ریاستوں کا پولنگ ڈیٹا سامنے آگیا، پینسلوانیا، مشی گن اور وسکونسن میں کاملا ہیرس آگے ہیں جبکہ نیواڈا، جارجیا، شمالی کیرولائنا اور ایریزونا میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو موجودہ نائب صدر پر برتری حاصل ہے جبکہ رائےعامہ کے جائزوں میں کملا کوٹرمپ پرایک پوائنٹ کی برتری حاصل ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ریپبلکن صدارتی امیدار ڈونلڈٹرمپ نے اب تک کے انتخابی عمل کو شفاف قرار دیتے ہوئے کہاکہ شکست ہوئی تو تسلیم کروں گا تاہم سابق صدر نے اپنے سوشل میڈیا ’ٹرتھ‘ پر ایک بیان میں کہا کہ ’فلاڈلفیا میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کی باتیں ہورہی ہیں، قانون نافذ کرنے والے آرہے ہیں‘۔

فلاڈیلفیا پولیس ڈیپارٹمنٹ نے امریکی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ ’وہ ٹرمپ کے دعوے سے آگاہ نہیں تھے اور وہ ووٹنگ میں کسی ایسے مسئلے کے بارے میں نہیں جانتے جس کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ردعمل کی ضرورت ہو‘۔

فلاڈیلفیا کے سٹی کمشنر سیٹھ بلوسٹین نے منگل کو ایکس پر کہا کہ ٹرمپ کے الزام میں ’ کوئی سچائی نہیں ہے، فلاڈیلفیا میں ووٹنگ محفوظ رہی ہے’۔

ٹرمپ نے فلوریڈا میں ووٹ کاسٹ کیا، فوکس نیوز پر جانبداری کا الزام

تاہم سابق صدر نے فوکس نیوز پر جانبداری کا الزام لگادیا، انہوں نے کہاکہ فوکس نیوز اور اوپراونفری کے رویے سے مایوسی ہوئی، انہوں نے امریکی رائے کو تقسیم کردیا، فوکس نیوز اور اوپراونفری کا طرز عمل انتہائی شرمناک ہے۔

قبل ازیں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ فلوریڈا کے علاقے پام بیچ میں ووٹ کاسٹ کیا۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ آج کا الیکشن کادن امریکی تاریخ کا سب سے اہم دن ہوگا، ووٹرزکاجوش وخروش عروج پر ہے، لوگ امریکا کو دوبارہ عظیم بناناچاہتے ہیں،ان کا مزید کہنا تھا کہ آپ اپنا ووٹ ڈالیں، چاہے جتنا بھی وقت لگے، قطار میں لگے رہیں۔

کاملا ہیرس پوسٹل بیلٹ کے ذریعے اپنا ووٹ پہلے ہی ڈال چکیں

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار اور نائب صدر کاملا ہیریس پوسٹل بیلٹ کے ذریعے اپنا ووٹ پہلے ہی ڈال چکی ہیں۔ کاملا ہیرس نے اتوار کو بتایا تھا کہ انہوں نے اپنی آبائی ریاست کیلی فورنیا کو میل ان بیلٹ ارسال کردیا ہے۔

وائس آف امریکا کے مطابق امریکا میں پولنگ کا عمل معمول کے مطابق جاری ہے البتہ بعض مقامات پر موسم کی خرابی، بیلٹ پیپر کی چھپائی میں غلطیوں اور تیکنیکی مسائل کی وجہ سے پولنگ میں تاخیر ہوئی۔

ریاست میزوری میں کئی مقامات پر بارش اور سیلاب کی وجہ سے ووٹرز کو پولنگ اسٹیشنز تک پہنچنے میں مشکل پیش آ رہی ہے تاہم معلق ریاستوں جارجیا اور نارتھ کیرولائنا میں بڑی تعداد میں لوگ ووٹ ڈال رہے ہیں۔

پینسلوینیا کی کیمبریا کاؤنٹی میں ووٹنگ کا وقت بڑھادیا گیا

معلق ریاستوں (سوئنگ اسٹیٹس) میں سب سے زیادہ الیکٹورل ووٹس رکھنے والی ریاست پینسلوینیا کی کیمبریا کاؤنٹی میں ووٹنگ کا وقت بڑھایا گیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق جارجیا میں بم کی جھوٹی اطلاعات پر پولنگ کا عمل آدھے گھنٹا رکا رہا، اٹلانٹا کی 3 کاؤنٹیز میں بھی بم کی اطلاع جھوٹی نکلی،

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ کوب کاؤنٹی میں بھی 2 مقامات پر شام 7بجکر20 منٹ تک پولنگ جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے، جورجیا کی فلٹن کاؤنٹی بم کی جھوٹی اطلاع کے باعث کچھ متاثرہ مقامات پر پولنگ کا عمل ساڑھے 7 بجے تک بڑھانے کے لیے عدالت سے رجوع کرسکتی ہے۔

سیکیورٹی خدشات پر 15 ریاستوں میں 250 امریکی نیشنل گارڈز تعینات

بدامنی کےخدشات کے سبب امریکی نیشنل گارڈ کو الرٹ کردیا گیا ہے۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی نیشنل گارڈز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 15 ریاستوں میں نیشنل گارڈز کے 250 اہلکار انتخابی عمل میں تعاون فراہم کررہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق الاباما، ایریزونا، ڈیلاویئر، ہوائی، ایلانوئے، لووا، نیو میکسیکو، شمالی کیرولائنا، اوریگون، پینسلوینیا، ٹینیسی، ٹیکساس، واشنگٹن، وسکونسن اور مغربی ورجینیا میں نیشنل گارڈز خدمات انجام دے رہیں۔

ترجمان کے مطابق نیشنل گارڈز کی نصف سے کچھ کم تعداد سائبر سیکیورٹی مشن میں معاونت فراہم کررہی ہے جبکہ دیگر مقامی حکام کی درخواستوں پر تعاون فراہم کررہے ہیں جبکہ نیشنل گارڈ کے 85 ارکان کو کولوراڈو، واشنگٹن، فلوریڈا اور نیواڈا میں اسٹینڈ بائے رکھا گیا ہے۔

پورے امریکا میں ووٹ ڈالنے کے لیے کروڑوں ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، وائس آف امریکا کی رپورٹ کے مطابق صدارتی الیکشن کے علاوہ قومی، ریاستی اور مقامی سطح پر بھی انتخابات ہو رہے ہیں۔

کانگریس کے ایوانِ زیریں (ایوان نمائندگان) کی کل 435 سیٹوں بھی پر الیکشن آج ہو رہا ہے۔

ایوانِ نمائندگان کے الیکشن ہر دو سال بعد ہوتے ہیں، اور اراکین 2 سال کے لیے ہی منتخب ہوتے ہیں۔

کانگریس میں سینیٹ کی کل 100 میں سے 34 نشستوں پر بھی آج ہی الیکشن ہوں گے، اسی طرح 11 ریاستوں میں گورنروں کے انتخاب کا دن بھی آج ہی ہے۔

جن میں ریاستوں کے قانون سازوں، شہروں کے میئر اور بلدیاتی نمائندوں کے انتخابات شامل ہیں۔

گزشتہ روز امریکی صدارتی انتخاب کی مہم آخری روز میں داخل ہوتے ہی متعلقہ ریاست پنسلوینیا انتخابی میدان جنگ بن گئی تھی، جسے جیتنے کے لیے دونوں صدارتی امیدوار ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں۔