پاکستان

کراچی: منگھو پیر میں مبینہ پولیس مقابلہ، 5 ڈاکو ہلاک

ہلاک ملزمان کے قبضے سے ایک ایس ایم جی رائفل، ایک شاٹ گن، 3 پسٹلز بمعہ گولیاں، کٹر، 5 موبائل فونز اور نقدی رقم برآمد ہوئی، ایس ایس پی

کراچی میں منگھو پیر کے علاقے گلشن توحید میں پولیس اور مسلح ڈکیت گینگ کے درمیان میبنہ مقابلے میں 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 5 ڈاکو ہلاک ہوگئے۔

ترجمان کراچی غربی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس طارق الہی مستوئی نے بتایا کہ تھانہ منگھوپیر کے علاقے گلشن توحید میں پولیس اور مسلح ڈکیت گینگ کے درمیان مقابلہ ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 موٹرسائیکلز پر سوار 5 مسلح ملزمان ہلاک ہوئے۔

ترجمان ایس ایس پی نے بتایا کہ پولیس کی بھاری نفری سرچ آپریشن کے لیے علاقے میں موجود تھی، فرمان نامی شہری نے ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع پولیس کو دی، جس پر فوری کارروائی کی گئی۔

مزید کہنا تھا کہ جب پولیس موقع پر پہنچی تو ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے جواب میں پولیس کی جانب سے مؤثر کارروائی کے دوران 5 ملزمان ہلاک ہو گئے۔

ترجمان ایس ایس پی نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے ایک ایس ایم جی رائفل، ایک شاٹ گن، 3 پسٹلز بمعہ گولیاں، کٹر (تالے کاٹنے والا)، 5 موبائل فونز اور نقدی رقم برآمد ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ہلاک ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے اور پولیس ضابطے کی کارروائی میں مصروف ہے۔

ترجمان ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کا کہنا تھا کہ ہلاک ملزمان کی شناخت اور ان کے کرمنل ریکارڈ کی تصدیق بائیومیٹرک تلاش ڈیوائس کی مدد سے کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے مزید تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔

اہل علاقہ نے پولیس کی فوری اور مؤثر کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا اور پولیس کی کارکردگی کو سراہا۔