پاکستان

وزیر داخلہ سے ملاقات کے بعد ’سیو غزہ‘ مہم کے شرکا کا اسلام آباد سے دھرنا ختم کرنے کا اعلان

سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کی سبراہی میں سیو غزہ مہم کے عہدیداران نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی خصوصی کاوش سے ’سیو غزہ‘ مہم کے شرکا نے اسلام آباد میں 41 روز سے جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کی کاوشوں سے اسلام آباد میں 41 روز سے جاری ’سیو غزہ‘ دھرنا ختم کردیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کی سبراہی میں سیو غزہ مہم کے عہدیداران نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ فلسطین کے لیے ہر پاکستانی کے دل میں وہی بات ہے جو آپ کے دل میں ہے، ہمیں ان کے کسی مطالبے پر اعتراض نہیں ہے، پاکستان اس ضمن میں پہلے ہی بھر پور کردار ادا کر رہا ہے جبکہ ہم ان کی سفارشات پر بھی عملدرآمد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ دھرنے کے دوران ایک ناخوشگوار واقعے میں جاں بحق ہونے والے شرکا کے لیے دعا گو ہیں، جاں بحق ہونے والے افراد کو انصاف ضرور ملے گا۔

سیکریٹری داخلہ خرم علی آغا، چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن اور ڈی آئی جی آپریشنر علی رضا بھی ملاقات میں شریک تھے۔