پاکستان

پاکستان کا ایران سے سفیر واپس بلانے کا اعلان

پاکستان کی جانب سے اپنا وفد ایران سے واپس بلانے پر چاہ بہار میں جاری پاک ایران جوائنٹ بارڈر ٹریڈ کمیٹی کا اجلاس بھی ملتوی کردیا گیا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

پاکستان نے ایران سے سفیر کو واپس بلانے کا اعلان کردیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا ہے کہ پاکستان نے ایران کے ساتھ تمام اعلیٰ سطحی تبادلوں کو معطل کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں ایران کے سفیر، جو اس وقت ایران میں ہی ہیں، ان کو بھی پاکستان واپس نہ آنے کا کہہ دیا گیا ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ پاکستان کی جانب سے اپنا وفد ایران سے واپس بلانے پر چاہ بہار میں جاری پاک ایران جوائنٹ بارڈر ٹریڈ کمیٹی کا اجلاس بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔

مزید کہا کہ ایران کی پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر پاکستان نے وفد کو واپس بلوایا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستانی وفد چاہ بہار سے واپس پاکستان آنے کے لیے روانہ ہوگیا ہے، پاکستانی وفد میں چیف کلکٹر کسٹم بلوچستان اور ڈپٹی کمشنر گوادر شامل ہیں، اس کے علاوہ کوئٹہ اور گوادر چیمبرز کے تجارتی وفود اور دیگر حکام بھی وفدکا حصہ ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان دوروں کو بھی روکا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود میں حملے کے نتیجے میں 2 معصوم بچے جاں بحق اور 3 بچیاں زخمی ہو گئی تھیں۔

پاکستان نے اپنی فضائی حدود کی بلااشتعال خلاف ورزی اور پاکستانی حدود میں حملے کی شدید مذمت کی تھی اور کہا تھا کہ خودمختاری کی خلاف ورزی مکمل طور پر ناقابل قبول ہے اور اس کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں۔

دفتر خارجہ نے ایران کی جانب سے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر ایرانی ناظم الامور کو وزارت خارجہ میں طلب بھی کیا تھا۔

پاکستان کو آئی ایم ایف سے 70 کروڑ ڈالر کی قسط موصول

آواسٹن انجیکشن اسکینڈل کی تحقیقات مکمل، ملزمان کے خلاف کارروائی کا آغاز

’انتخابات کیلئے انتظامات مکمل ہیں‘، چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس کا اعلامیہ جاری