امریکی اقدامات نے تمام جہازوں کی آمدورفت خطرے میں ڈال دی، سربراہ حزب اللّٰہ
لبنانی گروپ حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ نے کہا ہے کہ بحیرہ احمر میں امریکی اقدامات سے جہاز رانی کی صنعت کو سلامتی کو نقصان پہنچے گا جب کہ یہ علاقہ اب میدان تنازعات کا گڑھ بن چکا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حسن نصر اللہ نے ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی ایک تقریر میں کہا کہ ’امریکا کو یہ بات سمجھنی چاہیے کہ بحیرہ احمر، لبنان، عراق اور یمن کی سلامتی ایک ہی چیز سے منسلک ہے اور وہے غزہ میں جنگ کا خاتمہ۔
انہوں نے مزید کہا کہ علامتوں کا علاج کرنے کے بجائے اس کی وجہ کا علاج کرنا چاہیے۔
حسن نصر اللہ نے کہا کہ اگر امریکا یہ سوچتا ہے کہ حوثی بحیرہ احمر میں اسرائیل کا مقابلہ کرنا چھوڑ دیں گے تو وہ غلطی پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ زیادہ خطرناک بات یہ ہے کہ امریکیوں نے بحیرہ احمر میں جو اقدامات کیے، اس سے سمندر میں سفر کرنے والے تمام جہازوں کے تحفظ کو نقصان پہنچے گا، یہاں تک کہ وہ بحری جہاز بھی جو فلسطین اور اسرائیلی نہیں جارہے، جن کا اس تنازع سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ تنازع کی وجہ سے سمندر جنگ، میزائلوں، ڈرونز اور جنگی جہازوں کا تھیٹر بن چکا ہے۔