ون پلس کا نیا فیگ شپ فون 4 جنوری کو متعارف کرائے جانے کا امکان
ون پلس کے اسمارٹ فونز کو آئی فون کلر بھی قرار دیا جاتا ہے کیونکہ بہت کم قیمت میں فلیگ شپ فیچرز ان ڈیوائسز کا حصہ ہوتے ہیں۔
اب یہ کمپنی اپنا نیا فلیگ شپ فون ون پلس 10 پرو پیش کرنے کے لیے تیار ہے جو نئے سال کے آغاز پر متعارف کرایا جاسکتا ہے۔
کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ ون پلس 10 پرو کی آمد جنوری 2022 میں ہوگی اور اس کو بک کرانے کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے، مگر کسی تاریخ کے بارے میں نہیں بتایا گیا۔
اب ایک نئی لیک کے مطابق جے ڈی ڈاٹ کام میں 4 جنوری سے فون کے پری آرڈرز شیڈول ہیں اور ممکنہ طور پر اسی روز چین میں اس فون کو متعارف کرایا جائے گا۔
کمپنیوں کی جانب سے عموماً فونز کو پری آرڈر میں اسی وقت فراہم کیا جاتا ہے جب ان کو لانچ کردیا جاتا ہے۔
ون پلس کے اس نئے فلیگ شپ فون میں کوالکوم کے اسنیپ ڈراگون 8 جنریشن 1 پراسیسر کو دیئے جانے کا امکان ہے جبکہ بیک کیمرا سٹ اپ بھی پہلے سے مختلف ہے۔
اس فون میں 6.7 انچ کا امولیڈ ایل ٹی پی او ڈسپلے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ دیا جائے گا۔
فون کے فرنٹ پر 32 میگا پکسل سیلفی کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں دیئے جانے کا امکان ہے۔
اینڈرائیڈ 12 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج ون پلس اور اوپ کے نئے او ایس سے کیا جائے گا جس کے لیے کلر او یاس اور آکسیجن او ایس کو آپس میں ملایا جائے گا۔
اور ہاں ون پلس کی جانب سے کیمرا سیٹ اپ کے لیے معروف کمپنی ہاسیل بلیڈ کے ساتھ بھی ایک بار پھر شراکت داری کی جارہی ہے۔