شیاؤمی کے نئے فلیگ شپ فونز جلد متعارف کرائے جانے کا امکان
ایسی رپورٹس تو پہلے ہی سامنے آرہی ہیں کہ شیاؤمی کی جانب سے نئی فلیگ شپ فون سیریز کو دسمبر میں متعارف کرایا جارہا ہے اور مختلف تاریخیں بھی سامنے آئیں۔
مگر اب ایک نئی لیک میں شیاؤمی 12 کو متعارف کرانے کی ایک نئی تاریخ بتائی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق شیاؤمی کے نئے فلیگ شپ فونز کی سیریز شیاؤمی 12، 12 پرو اور 12 ایکس پر مشتمل ہوگی اور یہ 28 دسمبر کو متعارف کرائی جاسکتی ہے۔
کمپنی نے ابھی کسی باضابطہ تاریخ کا اعلان تو نہیں کیا مگر حال ہی میں کوالکوم اسنیپ ڈراگون ٹیکنالوجی کانفرنس کے موقع ہر چینی کمپنی کے بانی، چیئرمین اور سی ای او لی جون نے بتایا تھا کہ شیاؤمی 12 کوالکوم کے نئے فلیگ شپ پراسیسر اسنیپ ڈراگون 8 جنریشن 1 سے لیس پہلا فون ہوگا۔
اب تک جو لیکس سامنے آئی ہیں ان کے مطابق شیاؤمی 12 میں امولیڈ ڈسپلے پہلے سے زیادہ ریفریش ریٹ اور 2K ریزولوشن دیا جائے گا۔
اس سیٹ کا مین کیمرا ممکنہ طور پر 50 میگا پکسل سنسر سے لیس ہوگاْ۔
پرو ماڈل کے اندر اسنیپ ڈراگون کا 8 جنریشن پراسیسر ہوگا، 100 سے 120 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ اور بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ ہوگا۔
یہ ابھی تک مصدقہ نہیں مگر خیال کیا جارہا ہے کہ شیاؤمی 12 پرو میں 200 میگا پکسل کیمرا متعارف کرایا جاسکتا ہے۔
لیکس کے مطابق شیاؤمی 12 سیریز میں ہائی کوالٹی اسکرین معمولی خم ایجز کے ساتھ متعارف کرائی جائے گی، جن میں 4700 سے 5000 ایم اے ایچ بیٹریز ہوں گی۔
تینوں فونز میں اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج ایم آئی یو آئی سے کیا جائے گا اور کمپنی کے مطابق یہ نیا یوزر انٹرفیس فونز کے ہر پہلو کو مزید بہتر کرے گا۔
شیاؤمی نے نئے فلیگ شپ فونز کو متعارف کرانے سے قبل اپنے پہلے انڈر ڈسپلے کیمرا فون می مکس 4 کی قیمت کو بھی کم کردیا ہے جو اب چین میں 3699 یوآن میں دستیاب ہوگا۔
خیال رہے کہ می مکس 4 اس کمپنی کا پہلا انڈر اسکرین کیمرا ٹیکنالوجی سے لیس فون ہے اور اس میں بیزل بالکل بھی نہیں۔