موٹرولا کی جی سیریز کا سستا 5 جی فون متعارف
موٹرولا نے ایک نیا اسمارٹ فون موٹو جی 50 فائیو جی متعارف کرا دیا ہے۔
موٹو جی 50 فائیو جی کو آسٹریلیا میں پیش کیا گیا جو مارچ 2021 میں متعارف کرائے گئے موٹو جی 50 سے مماثلت رکھتا ہے۔
اس نئے فون میں میڈیا ٹیک کے ڈیمینسٹی 700 پراسیسر کا استعمال کیا گیا ہے تاکہ اسے 5 جی سپورٹ فراہم کی جاسکے، اوریجنل موٹو جی 50 میں اسنیپ ڈراگون 480 پراسیسر سے لیس کیا گیا تھا۔
موٹو جی 50 فائیو جی میں 6.5 انچ کا ایل سی ڈی ڈسپلے 90 ہرٹز ریفریش ریٹ سپورٹ کے ساتھ ہے جبکہ واٹر ڈراپ نوچ میں 13 میگا پکسل سیلفی کیمرا چھپا ہوا ہے۔
فون کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے۔
فون کا مین کیمرا 48 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 2 میگا پکسل میکرو اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ ہیلپر کیمرے موجود ہیں۔
4 جیبی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج فون کا حصہ ہے جس میں مائیکرو ایس ڈی کارڈ سے مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
فون کی بیٹری 5000 ایم اے ایچ کی ہے جس کےک ساتھ 15 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے۔
اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج موٹرولا کے مائی یو ایکس سے کیا گیا ہے۔
ہیڈفون جیک، این ایف سی ریسیور اور سائیڈ پر موجود فنگرپرنٹ ریڈر دیگر قابل ذکر فیچرز ہیں۔
موٹو جی 50 فائیو جی گرے اور گرین رنگوں میں دستیاب ہوگا جس کی قیمت 289 ڈالرز (48 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔