سائنس و ٹیکنالوجی

اوپو رینو 4 سیریز کے 2 نئے فونز پیش

رینو 4 اور رینو 4 پرو لگ بھگ ایک جیسے فونز ہیں جن میں مڈرینج پراسیسر اور فائیو جی سپورٹ دی گئی ہے۔

اوپو نے رینو 4 سیریز کے 2 فونز متعارف کرادیئے ہیں۔

اوپو رینو سیریز گزشتہ سال متعارف ہوئی تھی اور اب اس کے نئے فونز رینو 4 اور رینو 4 پرو پیش کیے گئے ہیں جو مڈرینج پراسیسر اور فائیو جی سپورٹ سے لیس ہیں۔

اوپو رینو 4 میں 6.43 انچ جبکہ رینو 4 پرو 6.55 انچ کا لگ بھگ بیزل لیس ڈسپلے دیا گیا ہے تاہم رینو 4 میں فلیٹ جبکہ پرو ماڈل میں کرو ڈسپلے موجود ہے جبکہ ایچ ڈی آر 10 پلس سپورٹ اور 90 ہرٹز ریفریش ریت بھی اسی ماڈل میں دیا گیا ہے۔

دونوں فونز میں کوالکوم اسنیپ ڈراگون 765 جی پراسیسر دیا گیا ہے جبکہ 8 سے 12 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج کے آپشنز موجود ہیں، مگر ایس ڈی کارڈ سپورٹ نہیں دی گئی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ رینو 3 سیریز میں بھی یہی پراسیسر دیا گیا تھا، مگر نئے فونز میں فنگر پرنٹ اسکینر ڈسپلے کے اندر موجود ہے۔

اوپو رینو 4 میں 4020 ایم اے ایچ جبکہ 4 پرو میں 4000 ایم اے ایچ بیٹری دی گئی ہے اور دونوں میں 65 واٹ سپر وی او او سی 2.0 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ دی گئی ہے، جس کے بارے میں کمپنی کا دعویٰ ہے کہ صرف 36 منٹ میں بیٹری مکمل چارج ہوسکتی ہے۔

بیک پر دونوں فونز میں 3 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے مگر یہاں کچھ فرق ہے۔

رینو 4 میں 48 میگا پکسل مین کیمرا دیا گیا ہے جس کے ساتھ 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ ہیلپر کیمرا دیا گیا ہے۔

اس کے مقابلے میں رینو 4 پرو میں بھی مین کیمرا 48 میگا پکسل کا ہے مگر اس کے ساتھ 12 میگا پکسل ٹیلی فوٹو لینس دیا گیا ہے جو 5 ایکس ہائبرڈ آپٹیکل اور 20 ایکس ڈیجیٹل زوم کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

اسی طرح 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا بھی اس فون کا حصہ ہے۔

رینو 4 کے فرنٹ پر ڈوئل کیمرا سیٹ اپ پنچ ہول ڈیزائن میں دیا گیا ہے جس میں 32 میگا پکسل اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ کیمرا شامل ہے۔

اس کے مقابلے میں رینو 4 پرو میں حیرت انگیز طور پر صرف ایک سیلفی کیمرا دیا گیا ہے جو 32 میگا پکسل کا ہے۔

یہ فونز 12 جون سے پہلے چین میں فروخت کے لیے پیش کیے جارہے ییں اور رینو 4 کا 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 2999 یوآن (69 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا ورژن 3299 یوآن (76 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔

رینو 4 پرو کا 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا فون 3799 یوآن (87 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) اور 12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا ماڈل (99 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔

آنر کے 2 نئے اسمارٹ فونز پیش

سام سنگ کا نیا فلیگ شپ فون کیسا ہوگا؟

کورونا وائرس: عالمی سطح پراسمارٹ فونز کی فروخت میں تاریخ کی بدترین کمی