موٹرولا کا پہلا 108 میگا پکسل کیمرے والا فون متعارف
موٹرولا نے 2016 کے بعد پہلی بار ایک فلیگ شپ فون متعارف کرادیا ہے۔
موٹرولا ایج پلس 6.7انچ کے ایف ایچ ڈی پلس او ایل ای ڈی ڈسپلے پر مشتمل فون ہے۔
کئی سال سے موٹرولا کی جانب سے بجٹ فونز پر زیادہ زور دیا جارہا تھا اور آخری بار 2016 میں فلیگ شپ فون موٹو زی پیش کیا گیا تھا۔
ایج پلس کمپنی کا پہلا فون ہے جس میں 6.7 انچ خم ایج والا ڈسپلے دیا گیا ہے اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ کروز لگ بھگ 90 ڈگری اینگل کے ساتھ ہیں۔
ڈسپلے میں 90 ہرٹز ریفریش ریٹ دیا گیا ہے، جبکہ 12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے۔
طاقتور کوالکوم اسننیپ ڈراگون 865 پراسیسر کے ساتھ 5000 ایم اے ایچ بیٹری، فائیو جی سپورٹ اور ہیڈفون جیک بھی موجود ہے۔
اس فون میں بیک پر 4 کیمروں کا سیٹ اپ دیا گیا ہے اور پہلی بار اس کمپنی نے 108 میگا پکسل کیمرا دیا ہے، اس طرح شیائومی اور سام سنگ کی فہرست میں شامل ہوگئی ہے۔
یہ 108 میگا پکسل کیمرا بائی ڈیفالٹ 27 میگا پکسل تصاویر کھینچتا ہے تاہم صارف چاہے تو 108 میگا پکسل تصویر بھی کھینچ سکتا ہے جبکہ 6 کے ویڈیو ریکارڈ کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
اس کے علاوہ 8 میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمرا آپٹیکل امیج اسٹیبلائزیشن کے ساتھ ہے جو 3 ایکس آپٹیکل زوم کی سہولت فراہم کرتا ہے، جبکہ 16 میگا پکسل الٹرا وائیڈ لینس میکرو فیچر کے ساتھ ہے جو کلوز اپ ڈیٹل شاٹس میں مدد دیتا ہے، جبکہ ایک ٹائم آف فلائٹ سنسر تھری ڈی ڈیپتھ کے لیے ہے۔
فون کے فرنٹ پر 25 میگا پکسل کیمرا پنچ ہول ڈیزائن میں دیا گیا ہے۔
موٹرولا ایج
ایج پلس کے ساتھ ایک اور فون موٹرولا ایج بھی پیش کیا گیا ہے جس میں 6.7 انچ کا ڈسلے ہی دیا گیا ہے تاہم فیچرز کے لحاظ سے کم طاقتور ہے۔
اس میں اسنیپ ڈراگون 765 دیا گیا ہے جبکہ 4 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے۔
اس میں 4500 ایم اے ایچ بیٹری موجود ہے جبکہ بیک پر 4 کیمرے ہی دیئے گئے ہیں مگر مین کیمرا 64 میگا پکسل کا ہے، جس کے ساتھ 8 میگا پکسل ٹیلی فوٹو کیمرا، 16 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور ٹائم آف فلائٹ سنسر موجود ہے۔
اس فون میں بھی 5 جی سپورٹ دی گئی ہے اور دونوں فونز میں اینڈرائیڈ 10 آپریٹنگ سسٹم موجود ہے۔
کمپنی نے فی الحال موٹرولا ایج کی قیمت کا اعلان نہیں کیا اور اس کا کہنا ہے کہ یہ فون موسم گرما میں کسی وقت دستیاب ہوگا۔
موٹرولا ایج پلس 14 مئی سے 999 ڈالرز (ایک لاکھ 60 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔