نیوزی لینڈ کو ایک اور شکست، بھارت کا ٹی20 سیریز میں 0-5 سے کلین سوئپ
بھارت نے روہت شرما اور لوکیش راہل کی عمدہ بیٹنگ کے ساتھ باؤلرز کی شاندار کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ کو پانچویں ٹی20 میچ میں شکست دے کر سیریز میں 0-5 سے کلین سوئپ مکمل کر لیا۔
مونگانوئی میں کھیلے گئے سیریز کے پانچویں اور آخری ٹی20 میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جہاں میچ میں ویرات کوہلی کی جگہ روہت شرما نے بھارت کی قیادت کی۔
بھارت نے اننگز کا آغاز کیا تو سنجو سیمسن صرف 2رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے تاہم اس کے بعد راہل اور روہت نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ابتدائی نقصان کا ازالہ کردیا۔
دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 88رنز کی شراکت قائم کی لیکن موقع پر راہل 45رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد ہمیش بینیٹ کی وکٹ بن گئے۔
دوسرے اینڈ سے روہت شرما نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ شریاس آئیر کے ہمراہ اسکور کو 138رنز تک پہنچا دیا۔
اس مرحلے پر 60رنز کی اننگز کھیلنے والے روہت شرما ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے جبکہ 10رنز کے اضافے سے آئیر کی 33رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔