دنیا کا پہلا فولڈ ایبل لیپ ٹاپ
اگر آپ فولڈ ایبل اسمارٹ فون کی جگہ لیپ ٹاپ خریدنا چاہتے ہیں تو لیناوو کا تھنک پیڈ ایکس 1 فولڈ ضرور پسند آئے گا۔
اس کا کانسیپٹ ڈیزائن گزشتہ سال مئی میں متعارف کرایا گیا تھا اور لاس ویگاس میں سی ای ایس ٹیکنالوجی نمائش کے موقع پر کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ رواں برس کے وسط میں صارفین اسے 25 سو ڈالرز میں خرید سکیں گے۔
یہ لیپ ٹاپ 13.3 انچ کے ٹو کے پی او ایل ای ڈی ڈسپلے سے لیس ہے، جس میں اسٹین لیس اسٹیل فوئل بھی اندر دیا گیا ہے جو اسکرین کو خراشوں سے تحفظ فراہم کرتا ہے اور اس کے اوپر بھی ایک خصوصی کوٹنگ کی گئی ہے۔
مگر اس کے باوجود یہ اسکرین اتنی نرم ہے کہ آسانی سے فولڈ اور ان فولڈ ہوجاتی ہے۔
مکمل ان فولڈ شکل میں ایکس ون فولڈ ایک ٹیبلیٹ کی طرح بن جاتا ہے جس پر فلمیں دیکھی جاسکتی ہیں اور ویب براﺅزنگ کی جاسکتی ہے۔
معمولی فولڈ پر اسے اسپلٹ اسکرین موڈ پر استعمال کرکے بیک وقت مختلف مواد اسکرینوں پر دیکھنا ممکن ہے۔