کھیل

ہاکی ورلڈ کپ میں ارجنٹینا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں کامیاب

عالمی کپ کے دوسرے دن ارجنٹینا نے اسپین اور نیوزی لینڈ نے فرانس کو شکست دے کر ایونٹ کا کامابی سے آغاز کیا۔

ہاکی ورلڈ کپ 2018 کے دوسرے دن ارجنٹنا اور نیوزی لینڈ نے فتوحات حاصل کر کے ایونٹ میں پہلی کامیابی اپنے نام کر لی۔

بھارت کے شہر بھوبھنیشور میں جاری ہاکی ورلڈ کپ میں عالمی نمبر دو ارجنٹینا کا مقابلہ درجہ بندی میں آٹھویں نمبر پر موجود اسپین سے تھا جس میں ہسپانوی ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ارجنٹائن کے لیے فتح کا حصول مشکل بنا دیا لیکن میچ میں دو مرتبہ برتری لیے کے باوجود بھی وہ فتح حاصل نہ کرسکی۔

میچ ابتدا سے ہی سنسنی خیز رہا اور اسپین نے اینریک گونزالز کے گول کی بدولت تیسرے منٹ میں برتری حاصل کی لیکن اگلے ہی منٹ میں ارجنٹینا نے گول کر کے مقابلہ برابر کردیا۔

میچ کے پہلے کوارٹر کے اختتام سے ایک منٹ قبل رومیو نے گول کر کے اسپین کو ایک مرتبہ پھر برتری دلائی لیکن اس مرتبہ ارجنٹائن کی ٹیم نے جاندار انداز میں واپسی کی اور کھیل کے 15ویں منٹ میں یکے بعد دیگرے دو گول اسکور کر کے پہلے کوارٹر کے اختتام سے قبل ہی میچ میں 2-3 کی برتری حاصل کر لی۔

میچ کے دوسرے کوارٹر میں کوئی بھی ٹیم کوشش کے باوجود گول اسکور نہ کر سکی اور ہاف ٹائم پر ارجنٹائن کو حریف پر برتری حاصل تھی۔

کھیل کے 35ویں منٹ میں ویسننک روئز گول کر کے مقابلہ 3-3 گول سے برابر کردیا لیکن کھیل کے چوتھے کوارٹر میں پلیٹ نے اپنی ٹیم کے لیے فیصلہ کن گول اسکور کر کے 3-4 سے فتح دلا دی۔

دن کا دوسرا میچ پول اے کی ٹیموں نیوزی لینڈ اور فرانس کے درمیان کھیلا گیا جس میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔

میچ کے پہلے کوارٹر میں کوئی بھی گول کرنے سے قاصر رہی لیکن دوسرے کوارٹر کے پہلے ہی منٹ میں کین رسل کے گول نے نیوزی لینڈ کو برتری دلا دی جو تیسرے کوارٹر میں برقرار رہی۔

میچ کے چوتھے اور آخری کوارٹر میں دونوں ٹیموں کی جانب سے تیز اور جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا گیا اور 56ویں منٹ میں نیوزی لینڈ اسٹیفن جینس کے گول کی بدولت اپنی برتری کو دگنا کردیا۔

کھیل کے 59ویں منٹ میں فرانس کی ٹیم نے گول کر کے مقابلہ سنسنی خیز بنانے کی کوشش کی لیکن تب تک بہت دیر ہو چکی تھی اور جب ایک منٹ بعد ریفری نے میچ کے خاتمے کے لیے سیٹی بجائی تو 1-2 کا اسکور نیوزی لینڈ کی فتح کا اعلان کر رہا تھا۔

ایونٹ میں پاکستان کی ٹیم اپنا پہلا میچ یکم دسمبر کو جرمنی کے خلاف کھیلے گی۔