پاکستان

ڈیجیٹل دنیا میں بچوں کی اچھی پرورش کرنے کے مزیدار طریقے

ماہرین کے مطابق بچوں کے ساتھ ٹی وی، دستاویزی فلمیں اور اسپورٹس دیکھنا ان میں کردار کی مضبوطی کا سبب بن سکتا ہے۔

والدین کے طور پر ہماری اپنے بچوں سے کئی امیدیں وابستہ ہوتی ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ خوش رہیں اور کامیاب زندگی گزاریں۔ ہمیں امید ہوتی ہے کہ انہیں محبت ملے، ان کے بھی بچے ہوں اور وہ اپنے خوابوں کی تکمیل کرسکیں۔

مگر ان تمام خواہشات کی بنیاد میں ہماری ایک امید ہوتی ہے کہ ہمارے بچے ایک اچھے، رحم دل، عزت دار اور ایماندار انسان بنیں۔

لیکن سوال یہ ہے کہ بچوں میں آپ ان خصوصیات کو کیسے پروان چڑھا سکتے ہیں اور انہیں ٹیم ورک اور صبر جیسے ہنر کیسے سکھا سکتے ہیں؟ ویسے تو بچے یہ چیزیں آپ کی مثال پر عمل کرتے ہوئے سیکھ سکتے ہیں مگر میڈیا یہ سب کچھ سکھانے کا ایک اور طریقہ ہے۔ چونکہ فلمیں، ٹی وی شوز، کتابیں، ویڈیو گیمز اور سوشل میڈیا ہمارے بچوں کی زندگیوں کا اہم حصہ بن چکے ہیں، لہٰذا یہ ممکن ہے کہ ہم بچوں کو اہم اقدار اور خصوصیات ان چیزوں کی مدد سے سکھا سکیں۔

بچوں کے ساتھ اسپورٹس دیکھیں

نہ صرف یہ کہ اسپورٹس دیکھنے سے آپ آپس میں جڑے رہ سکتے ہیں بلکہ یہ بچوں کو ثابت قدمی اور ٹیم ورک کی اہمیت سکھانے کے لیے بھی مددگار ہو سکتا ہے۔ ٹیم کی جیت کے بعد بچوں کو یہ یاد دلائیں کہ کس طرح ہر کھلاڑی نے مل کر اس جیت میں اہم کردار ادا کیا، بھلے ہی انہیں ساری توجہ نہ ملی ہو مگر کسی ایک بھی کھلاڑی کے نہ ہونے پر ٹیم جیت نہ پاتی۔

پڑھیے: بچوں کی بہترین پرورش کے لیے 10 رہنما نکات

سوشل میڈیا پر بچوں کے ساتھ چیزیں شیئر کریں

فیس بک، انسٹاگرام اور یوٹیوب پر ضروری نہیں کہ منفی چیزیں ہی پائی جاتی ہوں۔ یہاں اچھے اقدار اور اخلاق سے متعلق بھی بہت ساری چیزیں پائی جاتی ہیں۔ اگر آپ کو کوئی تصویر، کوئی پوسٹ یا ویڈیو سبق آموز محسوس ہو اور اچھی لگے تو اسے بچوں کے ساتھ شیئر کریں۔ اس کے علاوہ بچوں کو سوشل میڈیا کے فوائد، نقصانات اور خطرات کے بارے میں بھی بتائیں۔

فوٹو: شٹراسٹاک

دستاویزی فلمیں دیکھیں

آپ کی زندگی سے بالکل مختلف زندگی جی رہے لوگوں کے بارے میں دستاویزی فلم دیکھنے سے آپ کے اندر ہمدردی، رحمدلی اور عاجزی کے جذبات پیدا ہوتے ہیں۔ جس دن آپ خاندان کے ساتھ فلم دیکھنے کا منصوبہ بنائیں اس دن کوئی غیر معمولی چیز منتخب کریں، مثلاً کسی دوسرے مذہب یا نسل کے بارے میں یا کسی ایسی برادری کے بارے میں جو آپ سے کم خوش قسمت ہو، یا پھر کسی ایسی ثقافت کے بارے میں جن کے عقائد آپ سے مختلف ہوں۔ ایسی فلموں کے بارے میں آپ بعد میں مثبت گفتگو کرسکتے ہیں۔

ساتھ ویڈیو گیمز کھیلیں

ایک ساتھ ویڈیو گیمز کھیلنے سے جہاں مزہ آتا ہے وہیں مل کر کھیلنا آپس میں ٹیم ورک، مسائل حل کرنے، اپنی بات دوسروں کو سمجھانے اور صبر جیسی چیزیں سیکھنے میں مددگار ہوسکتا ہے۔ ایسے ملٹی پلیئر ویڈیو گیمز منتخب کریں جن میں تمام کھلاڑیوں کا ساتھ مل کر کام کرنا ہی آپ کو گیم جتوا سکتا ہو۔

مزید پڑھیے: مواصلاتی دور میں تربیت کے بدلتے انداز اور والدین کو درپیش چیلنجز

ایک دوسرے کے لیے وقت نکالیں

زیادہ تر گھروں میں ہر وقت موبائل فونز مختلف نوٹیفیکشینز کی وجہ سے بج رہے ہوتے ہیں۔ مگر ہم خود پر کنٹرول رکھ کر بچوں کو صبر کرنا سکھا سکتے ہیں۔ اگلی مرتبہ جب آپ کے فون پر کوئی نوٹیفیکیشن آئے اور آپ کو معلوم ہو کہ یہ غیر ضروری ہے، تو آپ باآوازِ بلند کہیں کہ ’مجھے اسے چیک کرنے کی ضرورت نہیں ہے‘۔ اس سے بچے یہ سیکھیں گے کہ ہر گھنٹی پر فون چیک کرنا ضروری نہیں، اس کے بغیر بھی رہا جاسکتا ہے۔