کینیڈا کے وزیر بھی عمران خان کے مداح
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی الیکشن میں برتری کے بعد عمران خان کی پہلی تقریر کے مداح صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں موجود ہیں۔
جہاں بولی وڈ کی کئی شخصیات نے عمران خان کی تقریر کی تعریف کرتے ہوئے انہیں انتخابات میں برتری حاصل کرنے پر مبارکباد دی، وہیں اب کینیڈا کے وزیر امیگریشن کی بھی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، جس میں وہ عمران خان کی تعریف کرتے نظر آئے۔
یاد رہے کہ رواں سال ہم ٹی وی ایوارڈز کینیڈا میں منعقد ہوئے، جہاں پاکستان سے تعلق رکھنے والی کئی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں: دھاندلی کی شکایات پر تمام حلقے کھلوانے کیلئے تیار ہوں، عمران خان
اس دوران اسٹیج پر کینیڈا کے وزیر امیگریشن احمد حسین بھی موجود تھے۔
انہوں نے ایوارڈز کی تقریب میں شائقین سے بات کرتے ہوئے پاکستان میں رواں سال ہونے والے انتخابات کو شاندار قرار دیا۔
احمد حسین نے کہا کہ ’میں نے نئے وزیر اعظم پاکستان کی پہلی تقریر سنی اور میں اس سے بے حد متاثر ہوں‘۔
انہوں نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے اور تجارت شروع کرنے کی امید کا بھی اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے نئے پاکستان کیلئے نئے وعدے
احمد حسین نے اس دوران کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں کو خراج تحسین بھی پیش کیا، جبکہ انہیں کینیڈا میں امن و سکون سے زندگی گزارنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
آخر میں احمد حسین نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا، جسے سن کر شائقین جھوم اٹھے۔