پاکستان

گو نوازگو ہو چکا لیکن ہم عزت کے دائرے میں بات کریں گے،چوہدری نثار

نوازشریف اور ان کی بیٹی کاکردارقوم کے سامنے لاناچاہتاہوں لیکن کلثوم نوازکی صحت کے باعث رازنہیں کھولوں گا،سابق وزیرداخلہ

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنما اور سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے راولپنڈی میں اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی کا کردار قوم کے سامنے لانا چاہتا ہوں۔

راولپنڈی کے علاقے چکری میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ میرا عوام سے ووٹر اور امیدوار کا رشتہ نہیں بلکہ میرا اور آپ کا اس مٹی کا رشتہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ میں نے اقتدار میں آکر کوئی انڈسٹری لگائی نہ اپنے خاندان کو فائدہ پہنچایا بلکہ علاقے کے لیے کام کیا، کسی سینئر لیڈر پر ایک پیسہ خرچ نہیں کیا۔

چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ آج میں اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرنے نکلا ہوں اور اس جلسے نے ثابت کردیا کہ میں اکیلا نہیں ہوں، مخلوق خدا جس کےساتھ ہو اس کو کوئی ہرا نہیں سکتا۔

یہ بھی پڑھیں:چوہدری نثار کا آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان

سابق وزیراعظم نواز شریف کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جب بولنا شروع کیا توپوری قوم کو اصلیت سمجھ میں آجائے گی لیکن اس وقت نوازشریف خاندان مشکل صورت حال سے دوچار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں بکاؤمال نہیں ہوں نہ ضمیر فروش ہوں، چاپلوسی نہیں کی ہمیشہ سر اٹھا کرسیاست کی اور 34 سال سے میں نے نواز شریف کا بوجھ اٹھایا۔

سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ نواز شریف کا مجھ پرکوئی قرض نہیں لیکن ان کا خاندان میرا مقروض ہے اور آج تفصیل سے بات کرنا چاہ رہا تھا لیکن بیگم کلثوم نواز کی صحت کے باعث آج راز نہیں کھولوں گا۔

انھوں نے کہا کہ نواز شریف اور ان کی بیٹی کا کردار قوم کے سامنے لانا چاہتاہوں۔

مزید پڑھیں:چوہدری نثار کی نواز شریف پر پہلی بار براہِ راست تنقید

خیال رہے کہ چوہدری نثار کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے قائد کو اس سے قبل بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے اور ساتھ ہی انھوں نے پارٹی کے ٹکٹ کے لیے درخواست بھی نہیں دی جس کے بعد پارلیمانی بورڈ نے انھیں ٹکٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا۔

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے ٹویٹر میں اپنے پیغام میں کہا تھا کہ چوہدری نثار کے حوالے سے جو کچھ ہوا ہم نہیں چاہتے تھے کہ ایسا ہو لیکن اب ایسا ہوچکا ہے۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار نے ٹکٹ کے لیے درخواست نہیں کی۔

پنجاب کے سابق وزیرقانون رانا ثنااللہ نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ چوہدری نثار نے ہمیشہ خود کو پارٹی سے بالاتر سمجھا اور پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواست نہیں دی۔

نواز شریف کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہونے والے چوہدری نثار نے اپنے اختلافات گزشتہ برس سپریم کورٹ کی جانب سے ان کی نااہلی کے فیصلے کے بعد بیان کرنا شروع کیا تھا تاہم وہ اب کھل کر نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کے خلاف بیانات دے رہے ہیں۔

چوہدری نثار نے راولپنڈی سے دو قومی اور دو صوبائی اسمبلی کی نشستوں سے آزاد حیثیت میں انتخاب لڑنے کا اعلان کردیا ہے جبکہ اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ (ن) ان حلقوں میں اپنے امیدوار میدان میں لائے گی۔