پاکستان

چوہدری نثار کا آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان

میں نے منہ کھولا تو شریف برادران کہیں منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے، چوہدری نثار
|

راولپنڈی: سابق وزیر داخلہ اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر مگر ناراض رہنما چوہدری نثار علی خان نے آزاد حیثیت میں انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کردیا۔

راولپنڈی کے اڈیالہ روڈ پر کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ ’پارٹی نے ٹکٹ سیاسی یتیموں کو دے دیئے ہیں اس لیے اب آزاد حیثیت میں الیکشن لڑوں گا اور اب زیادہ محنت کی ضرورت ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’پی ٹی آئی میں 10 جبکہ (ن) لیگ میں 100 سے بھی زائد خامیاں ہیں، عورت راج کے مخالف نے آج اپنی بیٹی پارٹی پر مسلط کر دی، مجھے 34 سال کی رفاقت کا خیال آجاتا ہے ورنہ میں نے منہ کھولا تو یہ شریف برادران کہیں منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے۔‘

کارکنوں نے چوہدری نثار سے پی ٹی آئی میں شمولیت سے متعلق استفسار کیا، جس پر ان کا کہنا تھا کہ ’آپ الیکشن پر توجہ دیں، بہتر فیصلہ کروں گا۔‘

خیال رہے کہ چوہدری نثار 2 قومی اور پنجاب کی 2 صوبائی نشستوں کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا چکے ہیں۔

این اے 63 ٹیکسلا کے لیے چوہدری نثار کے کاغذات نامزدگی سردار سلطان نے جمع کرائے۔

یہ بھی پڑھیں: چوہدری نثار کی نواز شریف پر پہلی بار براہِ راست تنقید

چوہدری نثار علی خان نے راولپنڈی سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 59 اور پی پی 10 اور پی پی 12 سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

ان نشستوں کے لیے چوہدری نثار کی جانب سے کاغذات نامزدگی شیخ اسلم اورشیخ ساجد نے جمع کرائے۔

گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں سابق وزیر داخلہ نے پارٹی کے ٹکٹوں کے اجرا کے طریقہ کار پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے ٹکٹ نہ دینے کے لیے ڈرامے کیے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ نہ ان کے ٹکٹ کا امیدوار ہوں اور نہ ہی اس کا محتاج ہوں اور علالت سے صحت یابی کے بعد سارے امور پر کھل کر اظہار کروں گا۔

چوہدری نثار نے کہا کہ ‘اس وقت جاتی امرا والوں کو کہتا ہوں کہ ڈراموں اور بچگانہ حرکتوں سے نہ اپنا مذاق اڑائیں اور نہ ہی میری تضحیک کریں۔‘