شام میں جنگ بندی کا آغاز
5سال بعد شام میں شورش کے خاتمے کے لیے حکومت اور مخالف عسکری گروہوں میں جنگ رکی ہے، داعش اور القاعدہ معاہدے کا حصہ نہیں۔
دمشق: شام میں 5 سال سے جاری خانہ جنگی کے بعد عالمی طاقتوں کے معاہدے کی روشنی میں پہلی بار جنگ بندی کا آغاز ہو گیا۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹافن ڈی میستورا نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ ابتدائی رپورٹس میں دمشق اور درعا میں حالات پرسکون ہوگئے ہیں۔
لبنان میں شام سے متعلق انسانی حقوق کی تنظیم کے ڈائریکٹر رمی عبدالرحمن کا کہنا تھا کہ شام کے شمالی علاقوں سے کچھ دھماکوں کی آوازیں ضرور آئی ہیں، تاہم ان کی نوعیت کا اندازہ نہیں ہو سکا۔
یہ بھی پڑھیں : شام میں جنگ بندی اور انتخابات کا اعلان
اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کے مطابق کوئی بھی راتوں رات امن کے قیام کی توقع نہیں کر رہا، اگرمعاہدے کی خلاف ورزی ہوتی ہے تو ایسے واقعات کو فوری کنٹرول کرنا ہوگا۔