دنیا

سرتاج حریت رہنماؤں سے ملاقات نہ کریں: ہندوستان

ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان کےمطابق یہ مناسب نہیں ہوگا کہ سرتاج عزیز حریت رہنماؤں سے ہندوستان میں ملاقات کریں۔

نئی دہلی: ہندوستان نے پاکستان کے مشیر برائے اُمور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز کو ایک بار پھر تجویز دی ہے کہ وہ کشمیر کے حریت پسند رہنماؤں سے ملاقات نہ کریں۔

مزید پڑھیں : سرتاج عزیز 23 اگست کو ہندوستان جائیں گے

ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوارپ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان نے پاکستان کو یہ تجویز دی تھی کہ یہ مناسب نہیں ہوگا کہ سرتاج عزیز حریت رہنماؤں سے ہندوستان میں ملاقات کریں۔

وکاس سوارپ کا مزید کہنا تھا کہ ایسی کوئی بھی ملاقات اوفا معاہدے کے تحت دہشت گردی کے خلاف اقدامات کی مشترکہ کوششوں کو متاثر کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں : 'حریت رہنماؤں کو دعوت ہندوستان کو غصہ دلانے کی کوشش'

خیال رہے کہ وزیراعظم نواز شریف اور ہندوستانی وزیراعظم نریندرا مودی کے مابین رواں برس جولائی میں روس کے شہر اوفا میں ہونے والی ملاقات میں دہشتگردی سے متعلق معاملات پر بات چیت کے لیے دونوں ممالک کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزروں کی ملاقات پر اتفاق کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں : ہندوستان سے مذاکرات کا ایجنڈا طے

ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزرز کی ملاقات کا مجوزہ ایجنڈا پاکستان کو 18 اگست کو ہی ارسال کیا جا چکا ہے۔

خیال رہے کہ دو دن بعد 23 اگست کو دہلی میں پاکستان کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر سرتاج عزیز اور ہندوستان کے سیکیورٹی ایڈوائزر کے درمیان ملاقات طے ہے۔

دہلی میں پاکستان کے ہائی کمشنر عبد الباسط نے 23 اگست کو ہی کشمیر کے حریت رہنماؤں کو ملاقات کے لیے مدعو کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستانی حکام سے ملاقات،حریت رہنما نظر بند

حریت رہنماؤں کو ملاقات سے روکنے کے لیے گزشتہ روز بعض حریت رہنماؤں کو حراست میں لیا گیا جبکہ کئی رہنماؤں کو نظر بند کر دیا گیا تھا۔

تاہم بعد ازاں آل پارٹیز حریت کانفرنس (اے پی ایچ سی) کے چیئرمین سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق کی نظر بندی کو ختم کر دیا گیا تھا۔