پاکستان

ضرب عضب، بمباری میں مزید 28مبینہ عسکریت پسند ہلاک

آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں دعوی کیا گیا ہے کہ عسکریت پسندوں کے 6 ٹھکانوں کو تازہ فضائی حملوں میں تباہ کیا گیا ہے۔

اسلام آباد/پشاور: آپریشن ضرب عضب کے دوران شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں فورسز کے جیٹ طیاروں کی بمباری سے مزید 28 مبینہ عسکریت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے اعلامیے میں دعوی کیا گیا ہے کہ عسکریت پسندوں کے 6 ٹھکانوں کو تازہ فضائی حملوں میں تباہ کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں مقامی اور غیر ملکی عسکریت پسند شامل ہیں۔

آپریشن ضرب عضب کے آغاز کے بعد مبینہ طور پر عسکریت پسندوں کی بڑی تعداد میران شاہ اور میر علی سے شمالی اور جنوبی وزیرستان کے درمیانی پہاڑی علاقے شوال فرار ہو گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے عسکریت پسندوں کی ہلاکت کے دعویٰ کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہ ہو سکی۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی) کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان نے نامعلوم مقام سے ڈان ڈاٹ کام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فوج کی جانب سے دعوے بڑھا چڑھا کر پیش کیے جا رہے ہیں۔

احسان اللہ کا کہنا تھا کہ فوج کے جیٹ طیاروں کی جانب سے عام آبادی پر بمباری کی جارہی ہے اور دہشت گردوں کی ہلاکت کے دعوے کیے جا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ شمالی وزیر ستان میں فوجی آپریشن سے متاثرہ علاقوں میں ذرائع ابلاغ کو رسائی نہیں ہے جس کے باعث عسکریت پسندوں اور عام افراد کی ہلاکت کی تصدیق آزاد ذرائع سے نہیں ہو پاتی۔