افغانستان: بم دھماکے میں نو افراد ہلاک
سڑک کنارے نصب بم دھماکے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے نو افراد ہلاک ہو گئے۔
ہرات : افغانستان کے مغرب میں ایک سڑک کنارے نصب بم دھماکے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے نو افراد ہلاک ہو گئے۔
ضلعی سربراہ عبدالحمید نوری نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ متاثرہ خاندان منگل کو صوبہ ہرات کے ضلع شینند میں سفر کر رہا تھا جب ان کی گاڑی سڑک کنارے نصب بم دھماکے سے تباہ ہو گئی۔
انہوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں دو خواتین، پانچ بچے اور دو مرد شامل ہیں، جو موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
دو زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
صوبائی ترجمان نے اے ایف پی کو اس واقعے کی تصدیق کی ہے۔
طالبان عام طور پر سڑک کنارے نصب بموں کو افغان اور غیر ملکی افواج کو نشانہ بنانے کے لیئے استعمال کرتے ہیں لیکن اکثر وہ عام شہریوں کی اموات کا باعث بنتے ہیں۔
منگل کو ہونے والے حملے کی فوری طور پر کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔