کھیل

ہملٹن: ہندوستان کو پھر شکست، نمبر ایک پوزیشن سے محروم

نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو بارش سے متاثرہ دوسرے ایک روزہ میچ میں 15 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی۔

ہملٹن۔: نیوزی لینڈ نے کین ولیمسن اور کورے اینڈرسن کی شاندار کارکردگی کی بدولت عالمی چیمپئن ہندوستان کو دوسرے ون ڈے میچ میں 15 رنز سے شکست دینے کے ساتھ ساتھ سیریز میں بھی 2-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔

بدھ کو یہاں سیڈن پارک، ہملٹن میں دوسرے ون ڈے میچ میں ہندوستان کے کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

نیوزی لینڈ نے 32.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز سکور کیے تھے کہ بارش شروع ہوگئی اور میچ کو روک دیا گیا۔

بارش رکنے کے بعد جب دوبارہ کھیل شروع ہوا تو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت میچ کو 42 اوورز تک محدود کر دیا گیا۔

کیویز نے آخری 8.2 اوورز میں جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 101 اور مجموعی طور پر 42 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کین ولیمسن نے 77 ، روس ٹیلر نے 57 اور مارٹن گپٹل نے 44 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جبکہ کورے اینڈرسن نے آخر میں 17 گیندوں پر 5 فلک شگاف چھکوں کی مدد سے 44 رنز بناکر ہندوستانی مشکلات میں اضافہ کیا۔

ہندوستان کی جانب سے محمد شمی تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے جہاں ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت ہندوستان کو 42 اوورز میں 297 رنز کا ہدف ملا۔

بڑے ہدف کے تعاقب میں ہندوستانی اننگ کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا جہاں دونوں اوپنرز شیکھر دھون اور روہت شرما 37 رنز پر پویلین لوٹ چکے تھے۔

تیسری وکٹ کی شراکت میں ویرات کوہلی اور اجنکیا راہانے نے 90 رنز جوڑے لیکن ابتدائی نقصان اور کم رن ریٹ کے باعث ہندوستان دباؤ کا شکار رہا۔

دھونی الیون نے 297 رنز کے تعاقب میں 41.3 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز بنائے تھے کہ دوبارہ بارش شروع ہوگئی اور اس طرح نیوزی لینڈ کو 15 رنز سے فاتح قرار دیا گیا۔

ہندوستان کی جانب سے گزشتہ میچ میں سنچری بنانے والے کوہلی نے اس بار بھی 78 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے باز رہے جبکہ دھونی 56، راہانے 36 اور سریش رائنا 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤدی نے 4 اور کورے اینڈرسن نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

اینڈرسن کی آل راؤنڈر کارکردگی کے باوجود 77 رنز بنانے والے کین ولیمسن کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

اس فتح کے ساتھ نیوزی لینڈ نے سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ہندوستان کو ایک روزہ رینکنگ میں پہلی پوزیشن سے محروم کر دیا ہے۔

پانچ میچوں کی سیریز کا تیسرا میچ 25 جنوری کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔