پاکستان

ڈاکٹر راگھون پاکستان میں نئے ہندوستانی ہائی کمشنر

ڈاکٹر ٹی سی اے راگھون کو پاکستان میں ہندوستان کا نیا ہائی کمشنر مقرر کر دیا گیا ہے، رواں ماہ کے آخر میں ذمے داریاں سنبھالیں گے۔

اسلام آباد: ڈاکٹر ٹی سی اے راگھون کو پاکستان میں ہندوستان کا نیا ہائی کمشنر مقرر کر دیا گیا ہے جہاں وہ رواں ماہ کے اختتام پر اپنی ذمے داریاں سنبھال لیں گے۔

ہندوستانی ہائی کمیشن کے سینئر سفارتکار نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ موجودہ ہائی کمشنر شرت سبھروال 30 جون کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔

مرکز اور پنجاب میں ن لیگ کی حکومت کے قیام کے بعد یہ اسلام آباد میں کسی اہم سفارتکار کی پہلی تبدیلی ہے۔

وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف متعدد بار ہندوستان کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھاتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا ہے کہ نئی پاکستانی حکومت ہندوستان سے دوستانہ مراسم قائم کرے گی۔

سبکدوش ہونے والے ہندوستانی ہائی کمشنر پاکستان میں اپنے قیام کے دوران زیادہ تقریبات میں جانے سے گریز کرتے تھے اور اس دوران ان کی سرگرمیاں بھی انتہائی محدود تھیں جس کی وجہ پیپلز پارٹی اور کانگریس کی حکومت تھی جو 2008 میں ممبئی حملوں کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات پر جمی برف کو پگھلانے میں ناکام رہی۔

راگھون اس وقت سنگاپور میں ہندوستانی ہائی کمشنر کے عہدے پر تعینات ہیں، وہ 1982 میں دفتر خارجہ میں ملازمت اختیار کی اور اس کے بعد سے وہ پاکستان، برطانیہ، بھوٹان اور کویت میں اہم سفارتی ذمے داریاں نبھا چکے ہیں۔

انہوں نے دہلی یونیورسٹی سے گیجویشن کرنے کے بعد جواہر لعل نہرو یونیورسٹی سے تاریخ میں پوسٹ پوسٹ گریجویشن کیا تھا جبکہ 1992 میں انہیں اسی جامعہ سے جدید ہندوستانی تاریخ میں پی ایچ ڈی کی سند دی گئی تھی۔