پاکستان

جولائی تا دسمبر گاڑیوں کی فروخت میں 54 فیصد اضافہ ریکارڈ

مالی سال کی پہلی ششماہی میں انڈس موٹرز نے 12 ہزار 541، سوزوکی نے 30 ہزار 817، ہونڈا نے 7 ہزار 84، ہونڈائی نے 4 ہزار 242 گاڑیاں فروخت کیں۔
Welcome

جولائی تا دسمبر مالی سال 25-2024 کی پہلی ششماہی میں گاڑیوں کی فروخت میں 54 فیصد کی زبردست تیزی آئی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سازگار انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ کی جانب سے فروخت کے اعداد و شمار کی عدم موجودگی کے باوجود ٹریکٹر سیگمنٹ کو چھوڑ کر پورے آٹو سیکٹر نے مالی سال 2025 کی پہلی ششماہی میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

شرح سود میں کمی، ترسیلات زر میں اضافے اور افراط زر میں کمی کی وجہ سے جولائی تا دسمبر 25-2024 کے دوران کاروں، لائٹ کمرشل وہیکلز (ایل سی ویز)، پک اپ اور وینز کی فروخت 54 فیصد اضافے کے ساتھ 60 ہزار 676 یونٹس رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 39 ہزار 453 یونٹس تھی۔

دسمبر 2024 میں گاڑیوں کی فروخت 69 فیصد اضافے کے ساتھ 9 ہزار 820 یونٹس رہی جو کہ ماہ بہ ماہ 3 فیصد کم ہے۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کی میشا سہیل نے ماہ بہ ماہ ہونے والی معمولی کمی کو بنیادی طور پر سال کے آخر میں ہونے والے اثرات سے منسلک کیا ہے، جس میں خریداروں نے نئے سال کی رجسٹریشن حاصل کرنے کے لیے گاڑیوں کی ترسیل یا خریداری کو ملتوی کردیا۔

انہوں نے کہا کہ شرح سود میں کمی، صارفین کے اعتماد میں بہتری اور نئے ویرینٹس اور ماڈلز متعارف کرانے کی وجہ سے کاروں کی فروخت میں سال بہ سال اضافہ ہوا ہے۔

میشا سہیل نے دعویٰ کیا کہ کیا 2023 کے مقابلے میں 2024 میں لکی موٹرز کی فروخت میں 30 سے 40 فیصد اضافہ دیکھا گیا اور اس کا حجم ساڑھے 6 ہزار سے 7 ہزار یونٹس متوقع ہے۔ انہوں نے تخمینہ لگایا کہ کِیا موٹرز کی فروخت سمیت 2024 میں انڈسٹری میں کاروں کی فروخت میں 51 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

انڈس موٹر کمپنی (آئی ایم سی) واحد کمپنی تھی جس نے نومبر 2024 میں 2 ہزار 194 کے مقابلے میں دسمبر 2024 میں ماہ بہ ماہ میں 25 فیصد کمی کے ساتھ ایک ہزار 665 یونٹس فروخت کیے، تاہم آئی ایم سی نے مالی سال کی پہلی ششماہی میں 74 فیصد اضافے کے ساتھ 7 ہزار 198 یونٹس کے مقابلے میں 12 ہزار 541 یونٹس فروخت کیے۔

دسمبر 2024 میں پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ کی فروخت ماہ بہ ماہ 25 فیصد اور سالانہ 58 فیصد اضافے کے ساتھ 5 ہزار 903 یونٹس رہی، اسی طرح مالی سال کی پہلی ششماہی کی فروخت 40 فیصد اضافے کے ساتھ 30 ہزار 817 یونٹس رہی جو گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں 21 ہزار 997 یونٹس تھی۔

ہونڈا اٹلس کارز لمیٹڈ کی فروخت نومبر 2024 کے ایک ہزار 112 یونٹس کے مقابلے میں دسمبر 2024 میں ایک ہزار 110 یونٹس رہی تاہم دسمبر 2024 کی فروخت دسمبر 2023 کے مقابلے میں 23 فیصد اضافے کے ساتھ 901 یونٹس رہی، ہونڈا اٹلس نے مالی سال کی پہلی ششماہی میں 7 ہزار 84 یونٹس فروخت کیے جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 45 فیصد زیادہ ہیں۔

ہونڈائی نشاط کی فروخت گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے 3 ہزار 730 یونٹس کے مقابلے میں 14 فیصد اضافے کے ساتھ 4 ہزار 242 یونٹس رہی جبکہ دسمبر 2024 میں ماہ بہ ماہ فروخت 27 فیصد اور سال بہ سال 158 فیصد اضافے کے ساتھ 918 یونٹس رہی۔

سازگار انجینئرنگ ورکس نے دسمبر کے فروخت کے اعداد و شمار جاری نہیں کیے، ٹریکٹرز/ 2 اور 3 پہیوں والی گاڑیوں کی فروخت میں سال بہ سال 43 فیصد اضافہ ہوا جبکہ دسمبر 2024 میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 18 ہزار 91 یونٹس فروخت ہوئے جبکہ مالی سال کی پہلی ششماہی کی فروخت گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے 5 لاکھ 41 ہزار 821 یونٹس سے بڑھ کر 6 لاکھ 96 ہزار 455 یونٹس رہی۔

ٹریکٹر انڈسٹری کی فروخت مالی سال 2025 میں 26 فیصد کم ہوکر 17 ہزار 397 رہی جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 23 ہزار 411 یونٹ تھی۔

ٹرکوں اور بسوں کی فروخت میں سال بہ سال 84 فیصد اضافہ ہوا لیکن ماہ بہ ماہ 41 فیصد کمی آئی جو دسمبر 2024 میں 193 یونٹس رہی۔ مالی سال کی پہلی ششماہی میں مجموعی فروخت بڑھ کر ایک ہزار 798 یونٹس تک پہنچ گئی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 962 یونٹس تھی۔