پاکستان

حکومت پنجاب ’بریتھ پاکستان‘ موسمیاتی تبدیلی کی مہم میں ڈان میڈیا کی اسٹریٹجک پارٹنر بن گئی

شراکت داری سے پیغام عالمی سطح تک پھیلے گا، جن صنعتوں نے ماحولیات کو نقصان پہنچایا، بہت جلد آب و ہوا سے ہم آہنگ شعبوں میں تبدیل ہوجائیں گی، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز

ڈان میڈیا نے اعلان کیا کہ حکومت پنجاب ایک اسٹریٹجک پارٹنر کی حیثیت سے ’بریتھ پاکستان‘ موسمیاتی تبدیلی کے اقدام میں شامل ہوگئی ہے، جو ماحولیاتی حمایت، ماحولیاتی تحفظ اور بامعنی پالیسی اصلاحات کو آگے بڑھانے کے مشترکہ عزم کو اجاگر کرتی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ڈان میڈیا اور حکومت پنجاب میں تعاون کا مقصد فوری ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنا، پائیدار طریقوں کو فروغ دینا اور پاکستان بھر میں موثر ماحولیاتی پالیسی کی ترقی کو آگے بڑھانا ہے۔

حکومت پنجاب کے تعاون سے ’بریتھ پاکستان‘ مہم کاربن کے اخراج کو کم کرنے، گرین انرجی سلوشنز کی حمایت اور قدرتی ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لیے قابل عمل حکمت عملی فراہم کرکے آگاہی پھیلانے سے آگے بڑھے گی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اپنی حکومت کے عزم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اقدامات موجودہ اور مستقبل دونوں کے لیے میری ترجیحات میں سب سے آگے ہیں، ہم نے گورننس میں اسٹریٹجک تبدیلی کا آغاز کیا ہے اور آب و ہوا کی گورننس کو اولین ترجیح بنایا ہے۔

حکومت پنجاب اور انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے متعدد اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبے کی پہلی پالیسی کلائمیٹ ریزیلینٹ پنجاب وژن ایکشن پلان 2024 کا ذکر کیا، جس کے تحت دیرینہ ماحولیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے اسموگ کو کم کرنے کا منصوبہ اور پنجاب کلین ایئر پروگرام جاری ہے، اس حوالے سے صوبہ صاف ٹیکنالوجیز کو بروئے کار لا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب شہری علاقوں کے لیے الیکٹرک بسیں متعارف کروا کر ماس ٹرانزٹ میں انقلاب لانے کے لیے بھی تیار ہے، ہوا کے معیار کی نگرانی سے لے کر جامع انتظام تک، ہم صاف ستھرے اور صحت مند مستقبل کے لیے اپنے عزم میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہمارا ایکشن پلان موسمیاتی ترجیحات کے گرد بنایا گیا ہے اور آئندہ برسوں کے لیے ہمارا ایجنڈا موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے پر مرکوز ہے، بہت جلد، ہماری معیشت آب و ہوا پر توجہ مرکوز کرنے والے اقدامات کے ذریعے چلائی جائے گی، وہ صنعتیں جنہوں نے تاریخی طور پر ماحولیات کو نقصان پہنچایا ہے، وہ آب و ہوا پر مبنی شعبوں میں تبدیل ہوجائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ عوام اور اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت، اسٹریٹجک کمیونیکیشن اور علاقائی سفارت کاری کے ذریعے ان کوششوں کو بڑھانے کے لیے ہم نے ’ڈان میڈیا‘ کے ساتھ اہم شراکت داری قائم کی ہے، یہ تعاون عالمی سطح پر ہمارے پیغام کو پھیلانے کے لیے اہم قدم کے طور پر کام کرے گا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ آب و ہوا کے اقدامات میں سرمایہ کاری کرکے، ہم اپنے مستقبل میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

ڈان کی سی ای او، نازآفرین سہگل لاکھانی نے اپنے بیان میں کہا کہ ’یہ شراکت داری ماحولیات کے حوالے سے ہمارے غیر متزلزل عزم اور اس اجتماعی ذمہ داری کی عکاسی‘ کرتی ہے، جس میں ہم سب بطور پاکستانی شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا اقدام ہر فرد سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ آگے بڑھے، پائیدار اور آب و ہوا کے لچکدار مستقبل کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کرے، ہم مل کر نہ صرف اقدامات کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتے ہیں، بلکہ پالیسیوں اور ’ذہنیت‘ میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے سرسبز اور پائیدار پاکستان کو یقینی بنایا جا سکے۔

’بریتھ پاکستان‘ میں احتساب اور اجتماعی ذمہ داری کو فروغ دینے کے لیے عوامی آگاہی کی مہمات، آب و ہوا پر مبنی صحافت اور کثیر اسٹیک ہولڈرز کے تعاون کا امتزاج پیش کیا جائے گا۔

اس اقدام کی ایک اہم بات ’بریتھ پاکستان انٹرنیشنل کلائمیٹ چینج کانفرنس‘ ہوگی، جو 6 سے 7 فروری تک اسلام آباد میں منعقد ہوگی، یہ تقریب پالیسی سازوں، نجی شعبے کے رہنماؤں، حکومتی نمائندوں اور عالمی ماحولیاتی ماہرین کو ایک ساتھ کھڑا کرے گی، تاکہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے قابل عمل، پالیسی پر مبنی حل تیار کیے جاسکیں۔

’بریتھ پاکستان انٹرنیشنل کلائمیٹ چینج کانفرنس‘ کا تفصیلی ایجنڈا اس ماہ کے آخر میں منظر عام پر آنے کی توقع ہے۔