پاکستان

کراچی: 20 کروڑ کی ڈکیتی، مولانا ضیا الرحمٰن کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار، اسلحہ برآمد

گرفتار ملزم کا گروہ اسٹریٹ کرائم کے حوالے سے شہر میں خوف کی علامت سمجھا جاتا ہے، ملزم کے متعدد ساتھی ملک سے باہر اور متعدد جیل کی ہوا کھا رہے ہیں، راجا عمر خطاب
|

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں جامعہ ابوبکر اسلامیہ کے مہتمم مولانا ضیاالرحمٰن کے قتل، 20 کروڑ کی ڈکیتی اور محکمہ انسداد دہشت گری (سی ٹی ڈی) اہلکاروں سے مقابلے میں ملوث مفرور ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔

ترجمان:سی ٹی ڈی انٹیلی جنس ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) سی ٹی ڈی راجا عمر خطاب نے کہا کہ انٹیلیجنس ونگ نے پرانا ٹانگہ اسٹینڈ صدر کے قریب چھاپہ مارکارروائی کرکے مطلوب ملزم کو گرفتار کیا۔

انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم کا تعلق کراچی کے بدنام زمانہ بنگش ڈکیت گروپ سے ہے، ملزم تھانہ سی ٹی ڈی سندھ کراچی، تھانہ شاہراہ فیصل، تھانہ میٹھادر، تھانہ ملیر کینٹ، تھانہ مبینہ ٹاؤن، تھانہ سچل، پولیس کو مطلوب ہے۔

سینئرپولیس افسر نے بتایا کہ ملزم نے دوران واردات ملیر کینٹ کے علاقے میں کرسچن کمیونٹی کے لڑکے جان کو 2022 میں فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا، جس کی ایف آئی آر نمبر 488/2022 تھانہ ملیر کینٹ میں درج ہے، اس کے علاوہ ملزم سی ٹی ڈی اہلکاروں کے ساتھ پولیس مقابلے کی ایف آئی آر نمبر 164/2023 میں بھی مفرور اور سی ٹی ڈی کو مطلوب تھا۔

انہوں نے کہا کہ ملزم میٹھادر تھانے کی حدود میں ایس او ایس کمپنی کی کیش وین کو اغوا کر کے 20 کروڑ لوٹنے کی ایف آئی آر 280/2021 میں اشتہاری ہے، ملزم نے دوران ڈکیتی مولانا ضیا الرحمن کو شاہراہ فیصل تھانے کی حدود میں قتل کیا تھا جس کی ایف آئی آر 688/2023 میں ملزم مفرور ہے۔

راجا عمر خطاب نے مزید کہا کہ ملزمان کا گروہ اسٹریٹ کرائم کے حوالے سے کراچی شہر میں خوف کی علامت سمجھا جاتا ہے، ملزم کے متعدد ساتھی ملک سے باہر اور متعدد جیل کی ہوا کھا رہے ہیں۔

ایس ایس پی سی ٹی ڈی نے کہا کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور اہم انکشافات کی توقع ہیں، انہوں نے کارروائی کرنے والی پولیس پارٹی کے لیے تعریفی اسناد اور کیش انعام کا اعلان بھی کیا۔

واضح رہے کہ ستمبر 2023 میں کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں جامعہ ابوبکر اسلامیہ کے مہتمم مولانا ضیاالرحمٰن کے قتل کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا تھا۔

شاہراہ فیصل پولیس نے بتایا تھا کہ 45 سالہ ضیاالرحمٰن کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے دفتر کے قریب نشانہ بنایا گیا،مرحوم جامعہ ابوبکر اسلامیہ کے مہتمم تھے۔

مولانا ضیاالرحمٰن کے قتل کا مقدمہ ان کے چچا زاد بھائی عبداللہ کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف شاہراہ فیصل پولیس نے درج کیا گیا تھا۔

ایف آئی آر میں لکھوایا گیا کہ مقتول گلستان جوہر بلاک 15 میں واقع ایف بی آر آفس کے قریب پارک میں چہل قدمی کے لیے گئے تھے، رات 10 سے ساڑھے 10 بجے کے درمیان کچھ نامعلوم افراد اُن پر اندھا دھند فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔