پاکستان

کراچی: پولیس افسر کی گاڑی کی ٹکر سے شہری کی ہلاکت: ملزم کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

ٹریفک پولیس افسر کی گاڑی کی ٹکر سے سوزوکی ڈرائیور کی ہلاکت کے مقدمے کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں ہوئی۔

کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے ٹریفک پولیس افسر کی گاڑی کی ٹکر سے سوزوکی ڈرائیور کی ہلاکت کے مقدمے میں گرفتار ملزم کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ٹریفک پولیس افسر کی گاڑی کی ٹکر سے سوزوکی ڈرائیور کی ہلاکت کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔

پولیس نے گرفتار ملزم شاہد ہنگورو کو عدالت میں پیش کیا، عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔

کیس کے تفتیشی افسر کے مطابق مقدمے میں قتل بالسبب کی دفعہ بھی شامل کی گئی ہے، ملزم سے مزید تفتیش کرنا مقصود ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ملزم کے خلاف تھانہ کلفٹن میں مقدمہ درج کیا گیا، ملزم مومن آباد میں بطور سیکشن افسر تعینات تھا، حادثہ کے پی ٹی انڈر پاس کے قریب پیش آیا تھا۔