پاکستان

اسلام آباد میں بائیک رائیڈر پر تشدد کرنے والی 2 خواتین پولیس اہلکار معطل، انکوائری کمیٹی تشکیل

بلیو ایریا میں پارسل لانے میں تاخیر پر خواتین پولیس اہلکاروں نے بائیک رائیڈر پر تھپڑوں کی بارش کر دی، ڈی آئی جی اسلام آباد نے واقعے کا نوٹس لے لیا

اسلام آباد کے بلیو ایریا میں پارسل لانے میں تاخیر پر خواتین پولیس اہلکاروں نے بائیک رائیڈر پر تھپڑوں کی بارش کردی، ڈی آئی جی اسلام آباد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے 2 خواتین پولیس اہلکاروں کو معطل کرکے سینئر افسر کی زیر نگرانی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔

ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد کے بلیو ایریا میں پارسل لانے میں تاخیر پر خواتین پولیس اہلکاروں نے بائیک رائیڈر پر تھپڑوں کی بارش کر دی، خواتین اہلکاروں کے تشدد سے نوجوان زخمی ہو گیا، 15 پر کال کرنے کے باوجود بھی پولیس موقع پر نہیں پہنچی۔

بائیک رائیڈر اعجاز کا کہنا تھا کہ ان کے اوپر خواتین اہلکاروں نے تشدد کیا ہے، میں پارسل لے کر آیا تھا اور میرا فون بند ہو گیا، مجھے خواتین پولیس اہلکاروں نے پہلے گالیاں دیں اور پھر مجھ پر تشدد کیا، 15 پر کال کرنے کے باوجود بھی پولیس میری مدد کو نہیں پہنچی۔

ڈی آئی جی اسلام آباد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے لیڈی کانسٹیبل کو معطل کردیا، ڈی آئی جی نے سینئر افسر کی زیر نگرانی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے، انکوائری رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔