پاکستان

عوام بہت نالاں ہیں اور چاہتے ہیں حکومت کا جلد خاتمہ ہو، شیخ رشید

قوم نتیجہ خیز مذاکرات کی خواہشمند ہے لیکن امید نہیں ہے، جوڈیشل کمیشن بننے سے قیدیوں کی رہائی ہوتی ہے تو ملک بہتری کی طرف آئے گا، سابق وفاقی وزیر

سابق وفاقی وزیر اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عوام بہت نالاں ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ حکومت کا جلد خاتمہ ہو۔

راولپنڈی مین میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ مجھے مذاکرات کی بیل منڈھے چڑھتے نظر نہیں آرہی لیکن مذاکرات کی ابتدا تو ہونی چاہیے اور قوم کی خواہش ہے کہ مذاکرات کا نتیجہ نکلے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں مذاکرات کو مذاق کی رات نہیں بنانا بلکہ مذاکرات کامیاب بنانا ہے اور اگر 26 نومبر، 9 فروری کے معاملات پر جوڈیشل کمیشن بنتا ہے تو قوم کے لیے امید کی کرن ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ غریب عوام پر کیسز بنائے گئے، جیلیں آباد ہو رہی ہیں اور غریب لوگ برباد ہو رہے ہیں لیکن جوڈیشل کمیشن بننے سے قیدیوں کی رہائی ہوتی ہے تو ملک بہتری کی طرف آئے گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ آئندہ چند ہفتوں میں بعض اہم فیصلےکرنا ہوں گے، اہم فیصلے نہ ہوئے تو حکومت کے خلاف عالمی و اخلاقی دباؤ بڑھ جائے گا، حکومت کو جس عالمی دباؤ کا سامنا ہے، یہ نہ ہو ہماری معیشت مزید بیٹھ جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسا ماحول بن رہا ہے کہ پاکستان معیشت، سرمایہ کاری کی تباہی کی جانب جارہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ حکومت صدقے پر چل رہی ہے کیونکہ انہیں عوامی حمایت حاصل نہیں ہے، عوام بہت نالاں ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ حکومت کا جلد خاتمہ ہو۔