پاکستان

وزیراعظم نے ہاؤسنگ سیکٹر کے فروغ کیلئے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دے دی

ٹاسک فورس ہاؤسنگ کے شعبے کی نمو اور ترقی کے لیے جامع فریم ورک تیار کرے گی اور ایک ماہ میں حتمی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ہاؤسنگ سیکٹر کے فروغ کے لیے 11 رکنی خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دے دی، جو ایک ماہ میں حتمی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی۔

ڈان نیوز کے مطابق وفاقی وزیر ہاؤسنگ کی سربراہی میں تشکیل کردہ ٹاسک فورس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر مملکت برائے ریوینیو، ڈی جی ویلفئیر اینڈ ری ہیبلیٹیشن پاکستان آرمی میجر جنرل دلاور خان، چیئرمین ایف بی آر، ڈی جی فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ہاؤسنگ سیکٹر کے مختلف ماہرین کو بھی ٹاسک فورس میں شامل کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ٹاسک فورس ہاؤسنگ کے شعبے کی نمو اور ترقی کے لیے جامع فریم ورک تیار کرے گی، ٹاسک فورس اربن منصوبہ بندی کی پالیسیوں میں تبدیلیوں کی سفارشات تیار کرے گی۔

اسی طرح ٹاسک فورس ہاؤسنگ کے شعبے پر موجودہ محصولاتی نظام کے اثرات کا جائزہ لے گی اور یہ ہاؤسنگ کے شعبے سے جڑی درآمدی اشیاء اور مصنوعات پر ٹیکسوں میں کمی سے متعلق پالیسی تشکیل دے گی۔

ٹاسک فورس ہاؤسنگ سیکٹر کے لیے ممکنہ مراعات کا جائزہ لے گی اور ایک ماہ میں حتمی سفارشات وزیراعظم کو پیش کرے گی۔