پاکستان

شانگلہ میں پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ، اے ایس آئی سمیت 3 اہلکار شہید

دہشت گردوں نے رات گئے تحصیل چکیسر میں گنانگر چیک پوسٹ پر دستی بم پھینکنے کے بعد فائرنگ کردی، چوکی انچارج اور کانسٹیبل جاں بحق ہوگئے، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
|

شانگلہ کی تحصیل چکیسر میں دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) سمیت 3 اہلکار شہید اور 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔

ڈان نیوز کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تحصیل چکیسر کی گنانگر پولیس چیک پوسٹ پر رات گئے دہشت گردوں نے حملہ کیا اور دستی بم پھینکنے کے بعد فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں چوکی انچارج اور کانسٹیبل شہید ہوگئے۔

حملے میں محرر اور پولیس کانسٹیبل سمیت 3 اہلکار زخمی ہوگئے، جنہیں بٹ گرام ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ڈی پی او شانگلہ عمران خان نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ شب تھانہ چکیسر کی حدود میں پولیس چوکی گنانگر پر دہشت گردوں نے چاروں اطراف سے حملہ کیا، چوکی میں تعینات جوانوں نے انتہائی دلیری سے مقابلہ کیا، اس دوران 2 پولیس افسران نے عوام کی جان و مال اور وطن کی خاطر جام شہادت نوش کیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی میں، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز فضل الہٰی دیگر افسران کے ہمراہ جائے وقوع پر پہنچے اور زخمی افسران کو ریسکیو کرکے ہسپتال منتقل کروایا جہاں اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد حسن زخموں کی تاب نہ لاتے شہید ہوگیا۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ روز فائرنگ کے 3 واقعات میں 2 پولیس اہلکار اور ایک پولیو ورکر جاں بحق ہوگیا تھا۔

گزشتہ روز ضلع کرک میں پولیو ٹیم پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا تھا جبکہ پولیو ورکر محفوظ رہے تھے، پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا تھا۔

ادھر بنوں میں مسلح افراد کی فائرنگ سے پولیو ورکر جاں بحق ہوگیا تھا، مقتول ڈیوٹی کے لیے جارہا تھا کہ اس پر راستے میں فائرنگ کی گئی۔

ادھر صوابی میں نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل جاں بحق ہوگیا تھا، فائرنگ کا واقعہ تھانہ فارمولے کی حدود میں پیش آیا تھا۔