کھیل

چیمپئنز ٹرافی: بھارت نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے آگے گھٹنے ٹیک دیے، فیوژن ہائبرڈ ماڈل پر رضامند

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستانی و بھارتی بورڈز کے درمیان معاہدے کے بعد چیمپئنز ٹرافی 2025 کیلئے ہائبرڈ ماڈل کی منظوری دے دی، میچز پاکستان اور دبئی میں منعقد کیے جائیں گے، بھارتی میڈیا کا دعویٰ
|

بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے آگے گھٹنے ٹیک دیے اور چیمپئنز ٹرافی 2025 کے انعقاد کے حوالے سے پاکستان کے فیوژن ہائبرڈ ماڈل پر رضامندی ظاہر کر دی۔

ڈان نیوز کے مطابق 2026 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاک-بھارت میچ بھارت میں نہیں بلکہ سری لنکا میں منعقد ہوگا، پی سی بی کا بڑا مطالبہ پورا ہونے کے بعد چیمپینز ٹرافی کے شیڈول اعلان چند دنوں میں متوقع ہے۔

بھارتی نیوز ویب سائٹ انڈیا ٹو ڈے نے رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پی سی بی اور بی سی سی آئی کے درمیان معاہدے کے بعد چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے ہائبرڈ ماڈل کی منظوری دے دی، جس کے میچز پاکستان اور دبئی میں منعقد کیے جائیں گے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دونوں بورڈز کا 2026 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے حوالے سے اتفاق رائے ہو گیا ہے، جس کے تحت پاکستان، بھارت کے خلاف لیگ مرحلے کے میچز بھارت میں نہیں بلکہ سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلے گا۔

انڈیا ٹو ڈے کے مطابق پی سی بی کو بھارت کے میچوں کی میزبانی کا موقع ضائع کرنے پر کوئی زر تلافی نہیں دیا جائے گا، تاہم اس کے بدلے میں پی سی بی کو 2027 کے بعد آئی سی سی وویمن ٹورنامنٹ کی میزبانی ملے گی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ تینوں پارٹیاں آئی سی سی، بی سی سی آئی اور پی سی بی اس پیش رفت پر خوش ہیں۔

یاد رہے کہ 11 دسمبر کو ڈان نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ پی سی بی نے چیمپینز ٹرافی 2025 میں بھارت کے ساتھ میچز پر ہائبرڈ ماڈل کے مؤقف کو برقرار رکھا تھا، دبئی میں چیمپینز ٹرافی کے حوالے سے مذاکرات کا سلسلہ جاری رہا، پی سی بی کے اعلیٰ عہدے داران مذاکرات میں شریک رہے۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ بھارت 2026 کے ٹی 20 ورلڈکپ پر ہائبرڈ ماڈل پر راضی نہیں، بھارت پاکستان کو اپنے ملک میں کھیلتا دیکھنا چاہتا ہے اس لیے معاہدے پر دستخط کرنے سے کترا رہا تھا، تاہم پاکستان 3 سال تک ہائبرڈ ماڈل برقرار رکھنے کے مطالبے پر قائم رہا تھا۔

دوسری جانب بھارتی نشریاتی ادارے’ این ڈی ٹی وی’ نے دعویٰ کیا تھا کہ چیمپنئز ٹرافی نہ کھیلنے پر پاکستان کو مالی اور قانونی طور پر بھاری نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کا انعقاد 19 فروری سے 9 مارچ تک شیڈول ہے، جس میں 8 ٹیموں کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر گروپ سے سرفہرست 2 ٹیمیں سیمی فائنل میں جائیں گی، اس کے بعد فائنل ہوگا۔

پس منظر

یہ بات قابل ذکر ہے کہ آئی سی سی کو چیمپینز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان قانونی طور پر 21 نومبر سے پہلے کرنا تھا، 20 نومبر کو ڈان نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ آئی سی سی کے لیے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے پاک-بھارت تنازع درد سر بن گیا ہے اور آئی سی سی کا ہنگامی اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے۔

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی 2025 کی صورت میں آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) اپنی حکومت کی جانب سے دورہ پاکستان کی اجازت نہ ملنے پر پاکستان آمد سے انکار کرتے ہوئے اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کی تجویز پیش کرچکا ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نیوٹرل وینیو پر کھیلنے سے انکاری اور بھارت کے بغیر ٹورنامنٹ کرانے پر مُصر ہے۔

بھارت نے ایشیا کپ 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، جبکہ 13-2012 میں پاکستان کے دورہ بھارت کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہے۔

گزشتہ سال بھی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی تھی لیکن بھارت نے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تھا جس کے بعد ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے تھے، جہاں کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے آسانی سے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا تھا۔

پاکستان اس چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہوگا، آخری بار چیمپئنز ٹرافی 2017 میں ہوئی تھی جو پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔