پاکستان

آل راؤنڈر عماد وسیم کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

پاکستان کی نمائندگی کرنا سب سے بڑا فخر ہے، پاکستانی ٹیم کےساتھ ہر لمحہ یادگار رہا، فرنچائز کرکٹ جاری رکھوں گا، آل راؤنڈر

پاکستانی آل راونڈر عماد وسیم نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تاہم انہوں نے فرنچائز کرکٹ میں کھیل جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق عماد وسیم نے اپنی ایکس پوسٹ میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان کی نمائندگی کرنا سب سے بڑا فخر ہے، پاکستانی ٹیم کےساتھ ہرلمحہ یادگار رہا،فرنچائز کرکٹ میں کھیل جاری رکھوں گا‘۔

واضح رہے کہ عماد وسیم نے نومبر 2023 میں بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا تاہم کچھ ماہ بعد ہی رواں سال مارچ میں ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان کرتے ہوئے ٹی 20 ورلڈکپ دستیابی ظاہر کی تھی جس کے بعد انہیں پاکستانی اسکواڈ کا حصہ بھی بنایا گیا تھا تاہم وہ ایونٹ میں خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھاسکے تھے۔

عماد وسیم نے ٹی 20 ورلڈکپ 2024 کی 2 اننگز میں 29 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے صرف 19 رنز بنائے تھے جبکہ 3 میچز میں 11 اوورز کرانے کے بعد وہ 44 رنز دیکر 3 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے تھے۔

یاد رہے کہ عماد وسیم کو 55 ون ڈے انٹرنیشنل اور 75 ٹی 20 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کا اعزاز حاصل ہے، بائیں بازو سے کھیلنے والے عماد وسیم نے 55 ون ڈے میچز کی 40 اننگز میں5 نصف سنچریز کی بدولت 42.86 کی اوسط سے 986 رنز اسکور کیے ہیں جبکہ باؤلنگ کی بات کی جائے تو انہوں نےون ڈے میچز کی 53 اننگز میں44 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔

اسی طرح ٹی 20 کیریئر کے دوران عماد وسیم نے 75 میچز کی 50 اننگز میں 15.82 کی اوسط اور 130 کے اسٹرائیک ریٹ کی بدولت 554 رنز اسکور کیے جس میں ایک نصف سنچری بھی شامل ہے، لیفٹ آرم آف اسپنر نے ٹی 20 کی 74 اننگز میں 73 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔