پاکستان

شیخوپورہ: قتل کے بعد نوجوان کا انگوٹھا کاٹ کر اے ٹی ایم سے 10 لاکھ روپے نکال لیے گئے

خالہ زاد بھائی سمیت 3 ملزمان مقتول یٰسین کی بوری بند لاش نہر میں پھینکنے جا رہے تھے کہ پولیس نے دھرلیا۔

شیخوپورہ میں خالہ زاد بھائی کو دھوکے سے قتل کرنے کے بعد اس کا انگوٹھا کاٹ کر اے ٹی ایم سے 10 لاکھ روپے نکلوانے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق شیخوپورہ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے مقتول کے کزن کو دو دوستوں کے ساتھ گرفتار کرلیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے والدین کے اکلوتے بیٹے یٰسین کو گولی مار کر قتل کیا اور اس کا انگوٹھا کاٹ کر اے ٹی ایم سے 10 لاکھ روپے نکال لیے۔

پولیس کے مطابق ملزمان بوری بند لاش نہر میں پھینکنے جا رہے تھے کہ پولیس نے گلی میں کھڑی کار سے لاش برآمد کرلی، ملزمان سے مقتول کا کٹا ہوا انگوٹھا بھی برآمد کیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان انگوٹھے کو استعمال کرکے مزید رقم نکلوانا چاہتے تھے، مقتول یٰسین والدین کا اکلوتا بیٹا اور فیصل آباد کا رہائشی تھا۔

شیخوپورہ کے تھانہ ہاؤسنگ کالونی پولیس نے مقتول کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا جبکہ مزید تحقیقات جاری ہے۔