ٹیکس ہدف میں ناکامی: ایف بی آر میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے
وفاقی ریونیو بورڈ (ایف بی آر) نے ٹیکس ہدف کے حصول میں ناکامی کے بعد ان لینڈ ریونیو سروسز (آئی آر ایس) کے گریڈ 17 سے 20 کے 60 افسران کے تبادلے اور تقرریاں کردی۔
ڈان نیوز کے مطابق ایف بی آر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی،لاہور میں تعینات کئی ایڈیشنل،ڈپٹی،اسسٹنٹ کمشنرز کے تبادلے وتقرریاں کیے گئے ہیں۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کوئٹہ،حیدر آباد، اسلام آباد،سیالکوٹ، سکھر، فیصل آباد، راولپنڈی گوجرانوالہ کےمتعدد ڈپٹی کمشنرز کو تبدیل بھی کیاگیا ہے، نئے تبادلوں اور تعیناتیوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
وفاقی ریونیو بورڈ نے گریڈ 20 کے 2، گریڈ 19کے 5،گریڈ 18کے 41 اور گریڈ 17 کے 12افسران کےتبادلے اور تقرریاں کی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر رواں مالی سال کے پہلے 5 ماہ کا ٹیکس ہدف حاصل نہیں کرسکا جبکہ گزشتہ ماہ نومبر کا ٹیکس ہدف بھی ایف بی آر نے حاصل نہیں کیا۔
واضح رہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو رواں مالی سال کے ابتدائی 4 ماہ میں اپنے ہدف سے 180 ارب روپے سے کم وصولیاں ہوئی ہیں حالانکہ آزادانہ اقتصادی ماہرین کا ماننا ہے کہ ریونیو شارٹ فال 400 ارب روپے ہے۔