پاکستان

بہاول پور: تیز رفتار کار کھڑے ٹرک سے جا ٹکرائی، سابق ایم این اے مخدوم علی حسن گیلانی جاں بحق

مخدوم علی حسن گیلانی پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر 2 بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے، وہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کے رشتے دار تھے۔

پنجاب کے ضلع بہاول پور میں تیز رفتار کار کھڑے ٹرک سے جاٹکرائی جس کے نتیجے میں پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی (ایم این اے) مخدوم علی حسن گیلانی سمیت 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ٹریفک حادثہ اوچ شریف روڈ پر علی الصبح اس وقت پیش آیا جب کہ تیز رفتاری کار سڑک کنارے کھڑے ٹرک سے ٹکرا گئی۔

رپورٹ کے مطابق ریسکیو اہلکاروں نےلاشوں اور زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کیا۔

رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعظم اور موجودہ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کے رشتے دار مخدوم سید علی حسن گیلانی پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر 2 بار ایم این اے منتخب ہوئے تھے۔

صدر مملکت، وزیر اعظم، اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین پیپلز پارٹی کا اظہار افسوس

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے جاری بیان میں مخدوم سید علی حسن گیلانی کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کی پاکستان پیپلز پارٹی اور جمہوریت کیلئے خدمات کو سراہا۔

انہوں نے کہ مرحوم سید علی حسن گیلانی کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اورمرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سابق ایم این اے مخدوم سید علی حسن گیلانی کے ٹریفک حادثے میں انتقال پر اظہار افسوس کیا اور اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا، وزیراعظم نے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نے بھی تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ مرحوم سید علی حسن گیلانی کی وفات ناقابل تلافی نقصان ہے۔

اسپیکر نے مرحوم کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندان کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹریفک حادثے میں انتقال پر دکھ و افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ مرحوم سید مخدوم سید علی حسن گیلانی کی پارٹی اور اپنے حلقے کی عوام لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں دعاگو ہوں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔