پاکستان

بنوں سے مغوی 7 پولیس اہلکاروں کو بحفاظت بازیاب کرلیا، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر

بازیابی مقامی عمائدین کے ذریعے دباؤ بڑھانے اور پولیس کے سرچ آپریشن کی وجہ سے ممکن ہوئی، ڈی پی او

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں گزشتہ روز اغوا ہونے والے 7 پولیس اہلکاروں کو بحفاظت بازیاب کرلیا گیا۔

گزشتہ روز بنوں کے دور افتادہ پہاڑی علاقے احمد زئی سب ڈویژن میں نامعلوم افراد نے روچہ چیک پوسٹ سے پولیس اہلکاروں کو اغوا کیا تھا۔

بنوں کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ضیاالدین احمد نے ڈان کو بتایا کہ تمام 7 پولیس اہکار بحفاظت واپسی آگئے ہیں۔

ڈی پی او ضیاالدین احمد کا مزید کہنا تھا کہ مقامی عمائدین کے ذریعے دباؤ بڑھانے اور پولیس کے سرچ آپریشن کی وجہ سے اہلکاروں کی بحفاظت بازیابی میں مدد ملی۔

قبل ازیں ایک عہدیدار نے ڈان کو بتایا تھا کہ گزشتہ روز حملے کے دوران عسکریت پسندوں نے چیک پوسٹ پر دھاوا بولا تھا اور پولیس اہلکاروں کو اغوا کرلیا تھا۔

عہدیدار کے مطابق مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں سے اسلحہ بھی چھین لیا تھا۔

واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی تھی اور انہوں نے دور افتادہ اور پہاڑی علاقے میں اہلکاروں کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن شروع کیا تھا۔

روچا چیک پوسٹ شمالی وزیرستان کے ساتھ سرحد اور ضلع بنوں میں اوتمانزئی پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع ہے۔

واضح رہے کہ کچھ عرصے کے دوران ملک میں سیکیورٹی فورسز، دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی چیک پوائنٹس پر خاص طور پر صوبہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

15 نومبر کو صوبہ بلوچستان کے ضلع قلات کے شاہ مردان چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں 7 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 15 زخمی ہوگئے تھے۔