پاکستان

بنوں: مسلح افراد نے چلتی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کرکے 4 افراد کو قتل کردیا

نامعلوم مسلح افراد نے چلتی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 4 افراد دم توڑ گئے جب کہ فائرنگ سے خاتون اور بچوں سمیت دیگر 4 افراد زخمی بھی ہوئے، پولیس

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں نامعلوم دہشت گردوں نے گاڑی پر فائرنگ کرکے 4 افراد کو قتل کردیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ ضلع بنوں کے سین تنگہ ویکی جانی خیل میں پیش آیا۔

پولیس نے بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد نے چلتی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 4 افراد دم توڑ گئے جب کہ فائرنگ سے خاتون اور بچوں سمیت دیگر 4 افراد زخمی بھی ہوئے۔

حکام کے مطابق وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو ضابطے کی کارروائی اور زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے فوری طور پر قریب ہسپتال منتقل کردیا۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے، 4 افراد کے گھناؤنے قتل کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جائے گی اور ملزمان کو گرفتار کرکے سخت قانونی کارروئی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بنوں میں ہی نامعلوم افراد نے چیک پوسٹ پر قبضہ کرکے 7 پولیس اہلکاروں کو اغوا کر لیا تھا۔

پولیس نے بتایا تھا کہ یہ واقعہ بنوں کے دور افتادہ پہاڑی علاقے احمد زئی سب ڈویژن میں پیش آیا تھا، جہاں نامعلوم افراد نے روچہ چیک پوسٹ پر قبضہ کر لیا۔

پولیس کا مزید کہنا تھا کہ نامعلوم افراد نے قبضے کے بعد 7 پولیس اہلکاروں کو اسلحے سمیت اغوا کرلیا۔