پاکستان

فیصل آباد: ڈکیتی کے دوران لڑکی کے گینگ ریپ میں ملوث 4 ڈاکو مبینہ مقابلے میں ہلاک

ملزمان کو برآمدگی کے لیے لے جانے کے دوران ان کے ساتھیوں نے حملہ کیا، فائرنگ کے نتیجے میں ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن گئے، ترجمان پنجاب پولیس

پنجاب کے ضلع فیصل آباد میں ڈکیتی کے دوران لڑکی کے گینگ ریپ میں ملوث 4 ڈاکو مبینہ پولیس مقابلے کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ تھانہ نشاط آباد کی حدود میں مبینہ مقابلہ ہوا۔

بیان کے مطابق ہلاک ملزمان کو برآمدگی کے لیے لے جانے کے دوران ساتھیوں نے حملہ کیا، فائرنگ کے نتیجے میں ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن گئے۔

پنجاب پولیس کے مطابق مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں میں قاسم، اسلام، زاہد اور نوید شامل ہیں۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے شروع میں اسلام آباد میں 4 بینکوں کی کیش وین لوٹنے کے سلسلے میں وفاقی دارالحکومت پولیس کے ہاتھوں گرفتار مشتبہ شخص پولیس مقابلے میں مارا گیا تھا جب کہ اس مقابلے سے ایک روز قبل ہی پولیس نے مشتبہ شخص کی گرفتاری کا اعلان کیا تھا۔

اس مقابلے میں ملزم کی ہلاکت کے بعد رواں سال اسلام آباد میں پولیس مقابلوں کی مجموعی تعداد 36 ہوگئی تھی، ان واقعات میں 13 ملزمان ہلاک اور 21 زخمی ہو ئے تھے۔

پولیس کے مطابق ان میں سے 7 مقابلے مشتبہ افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپوں کے دوران ہوئے جب کہ 23 ​​مقابلوں میں پولیس اور ملزمان کے درمیان براہ راست تصادم ہوا۔

اس حالیہ واقعے سمیت 5 واقعات میں مشتبہ افراد نے مبینہ طور پر اپنے ساتھیوں کو پولیس کی حراست سے چھڑانے کی کوشش کی۔

پولیس نے دعویٰ کیا کہ تقریباً ان تمام مقابلوں میں مشتبہ افراد نے گرفتاری کے خلاف مزاحمت کی اور فائرنگ کی، ان تمام واقعات میں کسی بھی پولیس کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، اس طرح کے کئی مقابلوں میں مشتبہ افراد کو گولی مار کر ہلاک یا زخمی کیا گیا، بعض اوقات فائرنگ مبینہ طور پر ملزمان کے اپنے ساتھیوں کی طرف سے کی گئی۔

یہاں یہ بات بھی دلچسپ تھی کہ ان مقابلوں سے متعلق تقریباً تمام ایف آئی آرز یکساں ہیں جن میں کہا گیا کہ پولیس کے معمول کے گشت کے دوران یا ناکے پر اہلکاروں نے مشتبہ افراد کو رکنے کا اشارہ کیا، اہلکاروں کے حکم کی تعمیل کرنے کے بجائے مشتبہ افراد نے فائرنگ کردی، کچھ مقابلوں کے بارے میں کہا گیا کہ پولیس مشتبہ افراد کو ’ریکوری‘ کے لیے لے جا رہی تھی کہ گھات لگائے ملزم کے ساتھیوں نے افسران پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں مشتبہ شخص مارا گیا یا زخمی ہوگیا۔