اسٹاک ایکسچینج کا نیا ریکارڈ، انڈیکس پہلی بار 95 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کرگیا
پاکستان اسٹاک ایکسیچنج (پی ایس ایکس) میں آج بھی تیزی کا رجحان دیکھا جارہا ہے اور انٹرا ڈے ٹریڈنگ کے دوران بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس پہلی بار 95 ہزار پوائنٹس کی ریکارڈ سطح عبور کر گیا ہے۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں آج زبردست تیزی جاری ہے، کے ایس ای-100 انڈیکس میں 600 پوائنٹس اضافہ ہوا جس کے بعد بینچ مارک 100 انڈیکس پہلی بار 94 ہزار 842 پر پہنچ گیا۔
بعد ازاں اسٹاک مارکیٹ کے ایس ای100انڈیکس میں 890پوائنٹس اضافے کے ساتھ95 ہزار 82 پوائنٹس پر ٹریڈ کررہا تھا۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق دوپہر 11 بج کر 11 منٹ پر بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 532 پوائنٹس یا 0.57 فیصد اضافے کے ساتھ 94 ہزار 724 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا تھا جب کہ دوپہر 12 بج کر 6 منٹ پر 100انڈیکس 768 پوائنٹس یا 0.82، اضافے کے بعد 94 ہزار 960 پوائنٹس پر ٹریڈنگ کر رہا تھا۔
گزشتہ روز پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق کے ایس ای-100 انڈیکس 836 پوائنٹس یا 0.9 فیصد بڑھ کر 94 ہزار 191 پر پہنچ گیا تھا جو اس سے ایک روز قبل 93 ہزار 355 پر بند ہوا تھا۔
واضح رہے کہ 11 نومبر کو 100 انڈیکس نے پہلی بار انٹرا ڈے ٹریڈ کے دوران 94 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرلی تھی، تاہم کاروبار کے اختتام تک یہ رجحان جاری نہ رہ سکا تھا اور انڈیکس 356 پوائنٹس یا 0.38 فیصد بڑھ کر 93 ہزار 648 پر بند ہوا تھا۔
چیز سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ یوسف ایم فاروق نے بتایا تھا کہ مارکیٹ میں کم شرح سود کی وجہ سے میوچوئل فنڈز سے ایکویٹی میں تبدیلی جاری ہے۔
یوسف فاروق نے کہا تھا کہ ریٹیل سرمایہ کاروں کو اچھے طویل مدتی نتائج کے لیے قلیل مدتی نقل و حرکت کی فکر کیے بغیر متنوع پورٹ فولیو میں ’سرمایہ کاری جاری رکھنی چاہیے‘۔