پاکستان

کراچی میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کل ہوں گے، 136 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس قرار

انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے، اس کے علاوہ سیکیورٹی کے لیے 16 سے 18 اہلکارتعینات ہوں گے، الیکشن کمیشن

سندھ کے دارالحکومت کراچی میں کل ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جب کہ شہر میں 167 پولنگ اسٹیشن میں سے 136 انتہائی حساس، 26 حساس قرار دیے گئے ہیں۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق یوسی 9 ٹی ایم سی ملیر میں قائم 11 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس، یو سی 8 ٹی ایم سی ماڈل کالونی میں قائم تمام 21 پولنگ اسٹیشن حساس قرار دیے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یوسی 13 ٹی ایم سی صدر میں 7 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس، 5 حساس، 5 نارمل قرار دے دیے گئے ہیں، یوسی 7 ٹی ایم سی لیاقت آباد میں تمام 31 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار دیے گئے۔

کراچی میں کسی بھی ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر (ڈی آر او) نے رینجرز کی تعیناتی کی درخواست نہیں کی، الیکشن کمیشن کے مطابق انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ سیکیورٹی کے لیے 16 سے 18 اہلکارتعینات ہوں گے جب کہ حساس پولنگ اسٹیشنوں پر 8 سے 12 پولیس اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ خالی بلدیاتی نشستوں کے ضمنی انتخاب کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے شیڈول جاری کیا جس کے مطابق پولنگ 14 نومبر کو ہوگی، کراچی میں مجموعی طور پر 10 بلدیاتی نشستوں پر ضمنی انتخاب ہوگا، ضلع ملیر، کورنگی، ضلع جنوبی، ضلع غربی، ضلع کیماڑی اور ضلع وسطی میں ضمنی بلدیاتی انتخابات ہوں گے۔

نوٹی فیکیشن کے مطابق کراچی میں 4 چیئرمین، 2 وائس چیئرمین اور 4 وارڈ کونسلر کی نشستوں پر ضمنی انتخاب ہوگا۔