پاکستان

کراچی: بہو پر تیزاب پھینکنے والی خاتون اور 2 بیٹوں کو عمر قید، 10 لاکھ روپے جرمانہ

خاتون شمشاد مسیح نے بیٹوں کی معاونت سے اپنی بہو چندا پر تیزاب پھینکا، وکیل مدعی

کراچی کے ایڈیشنل سیشن جج غربی کی عدالت نے لڑکی پر تیزاب پھینکنے کے الزام میں ماں اور 2 بیٹوں کو 14 سال قید بامشقت اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔

تینوں ملزمان کو ایڈیشنل سیشن جج کورٹ نمبر 2 کراچی غربی نے سزا سنائی، سزا پانے والے ملزمان میں عذرا زوجہ عباس مسیح، جبران اور فرحان شامل ہیں۔

تینوں ملزمان کے خلاف تھانہ سرجانی ٹاؤن میں مقدمہ درج تھا، وکیل مدعی لیاقت علی خان گبول ایڈووکیٹ نے بتایا کہ خاتون شمشاد مسیح پر الزام تھا کہ انہوں نے بیٹوں کی معاونت سے اپنی بہو چندا پر تیزاب پھینکا جس اس کا جسم جھلس گیا تھا۔

وکیل کے مطابق کیس کی پیروی کے دوران متاثرہ لڑکی چندا، مدعی مقدمہ اور دیگر گواہوں نے ملزمان کے خلاف گواہی دی اور انہیں عدالت میں شناخت بھی کیا، طبی شہادت ریکارڈ پر موجود ہے لہٰذا ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد تینوں ملزمان کو 14 سال قید، 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزائی سنائی، جرمانے کی عدم ادائیگی پر انہیں مزید 6 ماہ قید بھگتنا ہوگی۔