پاکستان

توشہ خانہ ٹو کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کےخلاف فرد جرم کی کارروائی ایک بار پھر مؤخر

بانی پی ٹی آئی اور سابق خاتون اول پر فرد جرم کی کارروائی اسپیشل جج سنٹرل ون شاہ رخ ارجمند کی رخصت کے باعث سماعت کے بغیر ملتوی کی گئی۔

توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف فرد جرم کی کارروائی ایک بار پھر مؤخر ہوگئی۔

ڈان نیوز کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اسپیشل جج سنٹرل ون شاہ رخ ارجمند کی رخصت کے باعث سماعت کے بغیر ملتوی کی گئی۔

عدالت نے کیس کی سماعت 29 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

سابق وزیراعظم عمران خان اور بشریٰ بی بی پر اب 29 اکتوبر کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔

23 اکتوبر کو توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف فرد جرم کی کارروائی سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے سماعت اڈیالہ جیل کے بجائے جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں ہوئی تھی تاہم کیس میں کوئی پیش رفت نہ ہونے کے سبب فرد جرم کی کارروائی مؤخر ہوگئی تھی۔

واضح رہے کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں اور جیل سماعتوں پر پابندی عائد ہے۔

7 اکتوبر کو اڈیالہ جیل میں عمران خان سمیت تمام قیدیوں سے ملاقات پر 18 اکتوبر تک پابندی عائد کردی گئی تھی تاہم سیاسی سمیت عام قیدیوں سے ملاقاتوں پر پابندی میں مزید توسیع کر دی گئی تھی۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ جیل ملاقاتوں پر پابندی تاحکم ثانی رہے گی، ملاقاتوں پر پابندی میں توسیع کا حکم حکومت پنجاب نے دیا تھا۔